بین ریاستی خبریں

ممبئی کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کی تیاریاں- راوت کا بھاجپا پر سازش کا الزام

 دعویٰ کرتے ہوئے کہا ،’ میرے پاس ثبوت ہیں ‘

ممبئی ،۸؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے جمعہ کو ممبئی کو لے کر بڑا دعویٰ کیا۔نیز انہوں نے بی جے پی پر ممبئی کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کی سازش کا الزام لگایا۔ راوت نے ممبئی کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کے ثبوت کا دعویٰ بھی کیا۔ راوت نے کہا کہ اس سلسلے میں مرکزی وزارت داخلہ میں ایک پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی ہے۔

ممبئی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے راوت نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے سابق ایم پی کریٹ سومیا اور پارٹی لیڈروں، بلڈروں، تاجروں کا ایک گروپ اس سازش کا حصہ تھے۔ ممبئی کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کے بارے میں (اس گروپ کی طرف سے) ایم ایچ اے کو پیش کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے میٹنگ ہو چکی ہیں اور فنڈز اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

یہ سب کچھ پچھلے دو مہینوں سے چل رہا ہے اور میرے پاس ثبوت موجود ہیں ۔ وزیر اعلیٰ (ادھو ٹھاکرے) بھی اس پیش رفت سے واقف ہیں۔راوت نے دعویٰ کیا کہ اگلے چند مہینوں میں کریٹ سومیا کی زیرقیادت گروپ یہ کہتے ہوئے عدالت میں جا سکتا ہے کہ مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں مراٹھی لوگوں کی فیصد میں کافی کمی آئی ہے، اس لیے میٹروپولیس کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنایا جانا چاہیے۔

راوت نے کہا کہ سومیا نے پہلے اسکولوں میں مراٹھی کو لازمی زبان بنانے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ خیال رہے کہ ان دنوں شیو سینا اور بی جے پی کے درمیان کافی جھگڑا چل رہا ہے، جو کئی دہائیوں سے ہم پیالہ اور ہم جام رہے ہیں۔ راوت اور سومیا کے درمیان زبانی جنگ عدالت تک پہنچ گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button