
بنگلور،۸؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مبینہ طور پر کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں 6 اسکولوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ یہ دھمکی ای میل کے ذریعے دی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں میں انتہائی طاقتور بم نصب کیے گئے ہیں۔ دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد اسکولوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
بم اسکواڈ اور مقامی پولیس نے مشتبہ بم کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولس کمشنر کمل پنت نے کہا کہ مکمل جانچ کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ یہ سب کچھ کسی نے دھوکہ دہی کے لیے نہیں کیا ہے۔مبینہ دھمکی ملنے کے بعد اسکول خالی کرانے کا کام شروع کر دیا گیا۔ بچوں کے علاوہ اساتذہ اور دیگر عملے کو بھی نکالا جا رہا ہے۔
والدین سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو لے جائیں۔پولیس ذرائع کے مطابق اسکولوں کو دھمکی دینے والی ای میل جمعہ کی صبح 10.15 سے 11 بجے کے درمیان بھیجی گئیں۔ یہ ای میلز مختلف آئی ڈیز سے بھیجی گئی ہیں۔ دھمکی آمیز ای میل میں لکھا تھا کہ آپ کے اسکول میں بہت طاقتور بم نصب کیا گیا ہے۔
یاد رکھیں یہ کوئی مذاق نہیں ہے،ایک بہت ہی طاقتور بم سکول میں نصب کردیا گیا ہے، پولیس کو فوراً کال کریں۔ آپ کی زندگی سمیت سینکڑوں زندگیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔ خیال ہے کہ بنگلور کے اسکولوں کو یہ دھمکی ایک ایسے وقت میں ملی ہے جب ریاست میں مسئلہ حجاب کو لے کرسیاسی پارہ شباب پر ہے ، اور اس میں فسطائی طاقتیں مذہبی کارڈ کھیل کر سیاسی روٹی سینکنے میں مصروف ہے ۔
کرناٹک ہائی کورٹ نے بھی مسئلہ حجاب پر حجاب مخالف فیصلہ سنایا ہے ، جس فیصلہ کو عرضی گزار مسلم طالبات نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر رہی ہیں ۔



