
سماجوادی پارٹی نے بوتھ پر قبضہ اور جعلی ووٹنگ کاالزام لگایا، الیکشن کمیشن کوشکایت بھیجی
نئی دہلی10اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اتر پردیش میں ایم ایل سی انتخابات ختم ہونے کے ایک دن بعد ہی سماج وادی پارٹی نے گڑبڑ ی کے الزامات لگانا شروع کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں ایس پی کے ریاستی صدر نریش اتم پٹیل نے بھی چیف الیکشن کمشنر سے شکایت کی ہے۔
کمیشن کو لکھے خط میں انہوں نے بی جے پی پر کئی مقامات پر بوتھ پر قبضہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔نریش اتم پٹیل نے بتایاہے کہ سنت کبیر نگر کے ہیسربازار پولنگ اسٹیشن پر بوتھ پر قبضہ کرکے صد فیصد پولنگ ہوئی ہے،جب کہ بہت سے ووٹر اس وقت ممبئی میں رہ رہے ہیں۔ ووٹنگ کے دوران ان میں سے کوئی بھی ووٹرحلقے میں نہیں تھا۔
پولنگ اسٹیشن میں اصول کے خلاف جا کر بی جے پی کے دو پولنگ ایجنٹس کو ایک جگہ بنا دیا گیا۔نریش اتم پٹیل کی طرف سے لکھے گئے خط میں انہوں نے الیکشن کمیشن سے دوبارہ پولنگ کرانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے بتایاہے کہ سنت کبیر نگر اور بستی کے پولنگ مراکز میں گڑبڑ کا ذکر کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایاہے کہ 9 اپریل کو ہی ایس پی کے امیدوار سنتوش یادوسنی نے ریٹرننگ آفیسر، آبزرور، چیف الیکٹورل آفیسر، چیف الیکشن کمشنر کو تحریری شکایت دی ہے۔یوپی میں 9 اپریل 27 سیٹوں پر قانون ساز کونسل کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔بی جے پی نے ریاست میں بلدیاتی اداروں کی 36 قانون ساز کونسل سیٹوں میں سے 9 سیٹیں بلامقابلہ جیت لی ہیں۔
27 نشستوں کے لیے 95 امیدوار میدان میں تھے۔ بی جے پی نے تمام 27 اور ایس پی نے 25 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ اب ووٹوں کی گنتی 12 اپریل کو ہوگی۔



