غاز ی آباد، 13اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)غازی آباد کے صاحب آباد میں مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیان دینے کے ملزم پلکت مہاراج عرف پلکت مشرا کو پولیس نے پیر کی شام لکھنؤ سے گرفتار کیا تھا۔ پولس کو وبھوتی کھنڈ میں اس کی لوکیشن مل رہی تھی۔
سرکل آفیسر اندرا پورم ابھے کمار مشرا نے کہا کہ پلکت مشرا کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں وہ لوگوں کو مسلمانوں کے خلاف اُکسانے کا بیان دے رہے ہیں۔ اس کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کی گئی۔
نگرانی کی جانچ میں اس کا مقام لکھنؤ کے وبھوتی کھنڈ میں پایا گیا۔ اس کے بعد صاحب آباد تھانے کی ٹیم شام کو ہی لکھنؤ کے لیے روانہ ہوگئی۔ٹیم ملزم کو وہاں سے گرفتار کر کے صاحب آباد لے آئی۔ اس کے بعد میڈیکل کروانے کے بعد انہیں منگل کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
اس معاملہ میں شالیمار گارڈن چوکی کے انچارج سب انسپکٹر روی کمار بالیان نے پولیس اسٹیشن میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور اشتعال انگیز بیانات دے کر سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز خبریں نشر کرنے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔سی او کا کہنا ہے کہ ملزم پلکت مشرا شالیمار گارڈن میں رہتا ہے۔
دہلی پولیس نے اسے 2018 میں بھی ایک کیس میں گرفتار کیا تھا۔ ملزم پی ایم مودی کا روحانی گروپ ظاہر کرتے ہوئے وی وی آئی پی سہولیات کے مزے لوٹتا تھا ۔



