الریاض:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) سعودی عرب کے نظامتِ عامہ برائے انسدادِ منشیات (Saudi Arabia’s General Directorate of Narcotics Control ) نے نشہ آور دوا ایمفیٹامائن Amphetamine کی تقریباً پانچ لاکھ گولیاں مملکت میں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
GDNC کے سرکاری ترجمان میجرمحمد النوجایدی نے بتایا کہ منشیات کی اسمگلنگ اور پروموشن نیٹ ورکس کی سکیورٹی فالواپ نے لفٹوں کے لیے مشینوں، آلات اور فاضل پرزہ جات میں چھپائی گئی 4لاکھ 56ہزار گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
اس کارروائی میں اس نشہ آوردوا کے 6 وصول کنندگان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ان میں سے تین مصری تارکِ وطن، ایک شامی اور دو سعودی شہری ہیں۔انھیں جدہ اور الریاض سے گرفتار کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
میجر النوجایدی نے کہا کہ وزارت داخلہ اپنے تمام سکیورٹی شعبوں اور زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی کے ساتھ مل کر مملکت اور اس کے نوجوانوں کو منشیات کے استعمال کا شکار ہونے سے بچانے کے لیے اسمگلنگ کی کوششوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے گی۔



