بین ریاستی خبریں
اشوک گہلوت نے کہا،بلڈوزرسے مکانات کی مسماری قانون کامذاق،امن کے بغیر’اکھنڈبھارت‘ممکن نہیں
حالات کشیدہ ، مودی ملک کے نام پیغام جاری کریں،کانگریس کی اپیل
نئی دہلی 15اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملک بھر میں تشدد کے واقعات کو روکنے کے لیے اشوک گہلوت نے وزیر اعظم مودی سے اپیل کی اور کہاہے کہ وزیر اعظم کوملک کے نام پیغام جاری کرنا چاہیے۔ انہیں تشدد کی مذمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایاہے کہ وزیراعظم مذمت کیوں نہیں کررہے ہیں؟ وہ بولیں گے تو تشدد بند ہو جائے گا، ماحول بدل جائے گا۔
اشوک گہلوت نے مدھیہ پردیش میں بلڈوزر سے مکانات کو مسمار کرنے کے معاملے میں کہاہے کہ اس طرح قانون کی حکمرانی ختم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ میں ایک بار پھر دہرا رہا ہوں کہ کسی کا گھر گرانے کا حق نہ وزیراعلیٰ اور نہ ہی وزیراعظم کو ہے۔ قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنے دیا جائے۔
اس طرح قانون کی حکمرانی ختم ہو رہی ہے۔کرولی میں واقعہ پر راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے کہاہے کہ آج جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس سے کچھ لوگوں کو خوشی ہو سکتی ہے۔ لیکن آنے والے وقت میں حالات ان کے لیے بھی خطرناک ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاہے کہ ملک کے اندر جو صورتحال چل رہی ہے وہ کشیدہ ہے اور وزیر اعظم مودی کو قوم کو پیغام دینا چاہئے۔
راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھگوان کے اکھنڈ بھارت کے بیان پر نشانہ لگایا ہے۔ سی ایم گہلوت نے کہاہے کہ اکھنڈ بھارت تب بنے گا جب ملک میں امن اور ہم آہنگی قائم ہوگی۔ تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگ مل جل کر رہیں گے۔ انہوں نے کہاہے کہ ملک کے حالات ایسے ہیں کہ یہاں ہندو بھی مشکل میں ہیں۔
دلتوں کو گھوڑے سے نیچے لایا جا رہا ہے۔ نیچے اتارنے والے بھی ہندوہیں اور جنہیں اتارا جا رہا ہے وہ بھی ہندو۔ امن ہونا چاہیے۔ اچھوت سمیت دیگر امتیازی سلوک ختم ہونا چاہیے۔ پھر اکھنڈ بھارت بنے گا۔ سی ایم گہلوت نے کانگریس کی ڈانڈی یاترا کے سلسلے میں ڈنڈی پور روانہ ہونے سے پہلے ادے پور ہوائی اڈے پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کی۔
وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ ملک میں بلڈوزر کی نہیں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔ قابل ذکر ہے کہ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے حال ہی میں کہا تھا کہ 15 سالوں میں ہندوستان دوبارہ ایک اکھنڈبھارت بن جائے گا۔ سی ایم اشوک گہلوت نے ادے پور ہوائی اڈے پر کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔ آج قانون کی حکمرانی ختم ہو رہی ہے۔
آزادی گورو یاترا پیغام دے گی کہ قانون کی حکمرانی قائم ہو، آئین کی حفاظت کی جائے، جمہوریت کو گھر گھر مضبوط کیا جائے، پوری ریاست کے اندر، پورے ملک کے اندر، یہ پیغام پورے ملک میں جائے گا۔ انہوں نے آر ایس ایس کو بھی نشانہ بنایا اورکہاہے کہ آر ایس ایس اور بی جے پی الیکشن جیتنے کے لیے مہاتما گاندھی، امبیڈکر اور سردار پٹیل کا نام لے رہے ہیں، جب کہ انہوں نے ان پر کبھی یقین نہیں کیا۔
آر ایس ایس نے جو کہا تھا وہ کبھی سیاست کا حصہ نہیں بنے گا۔ اب اسے گھر گھر جا کر لوگوں کو امن اور عدم تشددکاپیغام دینا چاہیے۔ اس دوران ریاستی انچارج اجے ماکن اور ریاستی صدر گووند سنگھ دوتاسرا بھی وزیر اعلیٰ کے ساتھ ہوائی اڈے پرموجودتھے۔



