قومی خبریں

بنگلہ دیش سے سرحد پارکرکے چاکلیٹ خریدنے آیا لڑکا گرفتار ، عدالتی حراست میں بھیجا گیا

اگرتلہ ، 15اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ایک بنگلہ دیشی نابالغ لڑکا جو چاکلیٹ خریدنے کے لیے بھارت بنگلہ دیش سرحد عبور کر کے غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوا تھا، کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جمعہ کواس کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ امام حسین نامی لڑکا بنگلہ دیش میں دریائے شلدا کے کنارے واقع گاؤں کا رہائشی ہے اور وہ تریپورہ کے سیپاہیجالا ضلع میں اپنی پسندیدہ چاکلیٹ خریدنے کے لیے دریا پار کرتا تھا۔

دریائے شلدا دونوں ممالک کی بین الاقوامی سرحد کا تعین کرتا ہے۔ سیکورٹی فورس نے بتایا کہ نوجوان سیکورٹی کے لیے لگائی گئی خاردار باڑ میں بنی جگہ سے ہندوستان میں داخل ہوتا تھا اور کالم چوڑا گاؤں کی دکان پر چاکلیٹ خریدنے آتا تھا اور پھر اسی راستے سے واپس لوٹ جاتا تھا،تاہم حسین کی یہ حرکت 13 اپریل کو اس وقت ختم ہوگئی، جب بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے اسے اس وقت پکڑ لیا۔

حکام نے بتایا کہ لڑکے کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا جس نے اسے عدالت میں پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکے کو 15 دن کے لیے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ لڑکا بنگلہ دیش کے کومیلا ضلع کا رہنے والا ہے اور اس نے اعتراف کیا کہ وہ چاکلیٹ خریدنے کے لیے ہندوستانی سرحد میں داخل ہوتا تھا۔

اس کے پاس سے صرف 100 بنگلہ دیشی ٹکے ملے ہیں۔افسر نے کہا کہ لڑکے سے کوئی غیر قانونی چیز نہیں ملی۔ اسے بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے بھارتی سرحد میں داخل ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button