بین الاقوامی خبریں

امریکہ سے لڑ چکے، پاکستان کا مقابلہ بھی کر سکتے ہیں: افغان طالبان کی تنبیہ

کابل، 19اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پاکستانی فوج کے افغانستان میں فضائی حملوں کے بعد طالبان نے سخت ردّعمل ظاہر کیا ہے جب کہ ان حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 47 ہو گئی ہے۔ ہفتے کو ہونے والے فضائی حملوں کے بعد طالبان کی جانب سے پاکستان کے خلاف سخت بیانات سامنے آئے ہیں۔

طالبان عہدے داروں نے پاکستان کو سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کا مقابلہ بھی کرسکتے ہیں۔پیر کو طالبان کے نائب آرمی چیف حاجی مالی خان نے صوبہ خوست کا دورہ کیا اور فضائی حملوں سے متاثرہ علاقے کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ کئی اعلیٰ عہدے دار بھی موجود تھے۔

اس موقع پر حاجی مالی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بزدل نہیں۔ امریکہ کے پاس بھی ایسی ہی فضائی قوت تھی لیکن طالبان نے انہیں شکست سے دوچار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبان جنگجو اپنی قیادت کے احکامات کا انتظار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستان کو آئندہ ایسے اقدامات سے باز رہنے کے لیے خبردار کیا ہے۔ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ اگر ہم امریکہ سے جنگ لڑ سکتے ہیں تو پاکستان کے خلاف بھی کھڑے ہو سکتے ہیں۔انہوں نے پاکستان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ افغان سرزمین پر حملے کر کے طالبان کے صبر کا امتحان نہ لے، ورنہ طالبان بھی جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ ہفتے کو طالبان حکومت نے پاکستان پر الزام عائد کیا تھا کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے سرحدی صوبوں کنڑ اور خوست میں بم باری کی ہے۔ طالبان حکومت نے افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر کو بھی وزارتِ خارجہ میں طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔افغانستان میں فضائی حملوں سے متعلق پاکستان کی فوج کا تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آ یا ہے۔

اتوار کو پاکستان کے دفترِ خارجہ نے افغانستان سے متعلق ایک بیان جاری کیا تھا مگر اس میں بھی فضائی حملوں کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے۔پاکستانی دفترِ خارجہ نیاپنے بیان میں کہا تھا کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

حالیہ چند ماہ کے دوران پاکستان نے متعدد بار افغانستان سے بارڈر محفوظ بنانے کی درخواست کی ہے کیوں کہ دہشت گرد افغان سر زمین کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کی افواج کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔مقامی حکام کے مطابق پاکستانی فوج کے افغان صوبوں خوست اور کنڑ میں کیے گئے فضائی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 47 ہو گئی ہے۔

خوست کے ڈائریکٹر آف انفارمیشن اینڈ کلچر شبیر احمد عثمانی نے خبر رساں ادار ے کو بتایا ہے کہ خوست میں ڈیورنڈ لائن کے قریب پاکستانی فوج کے حملوں میں 41 عام شہری مارے گئے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں جب کہ 22 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button