غزہ سے قریبی یہودی کالونیوں پر راکٹ حملہ،مسجد اقصیٰ پر دھاوے جاری-باکسر عامر خان کا فلسطینیوں کے لیے خطیر رقم کا عطیہ
مقبوضہ بیت المقدس، 19اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ ’ایسٹر‘ تہوار کی تعطیل کے موقع پریہودی آباد کاروں کی طرف سے کی جانے والی اپیلوں کے جواب میں اسرائیلی فورسز نے آباد کاروں کی اجتماعی دراندازی کو محفوظ بنانے کے لیے ایک بار پھر مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا، مسجد کے صحنوں سے نمازیوں کو نکالنے کی کوشش کی۔ قبلی نماز گاہ کا محاصرہ کر لیا اور نشانچی مسجد اقصیٰ اور ملحقہ عمارتوں کی چھتوں پر چڑھ گئے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی فورسز نے 25 سال سے کم عمر کے نوجوانوں کو الاقصیٰ میں داخل ہونے سے روک دیا اور یروشلم کے پرانے شہر میں الواد اسٹریٹ کے ارد گرد کے علاقے کو بند کر دیا۔ دوسری طرف اسی وقت یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد مسجد اقصیٰ میں داخل ہو رہی تھی۔
فلسطین کے مختلف شہروں میں اسرائیلی فوج نے 5 شہریوں کو گولی مار دی
مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس کے الگ الگ علاقوں میں قابض اسرائیلی فوج کے چھاپوں اور تلاشی کی مہم کے دوران پیر کی صبح پانچ فلسطینی شہریوں کو گولی مار دی گئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔فلسطینی وزارت صحت نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ دو شہری براہ راست گولیوں سے زخمی ہوئے۔ انہیں علاج کے لیے جنین کے ابن سینا اسپتال لے جایا گیا۔وزارت صحت نے بتایا کہ دو فلسطینیوں کو گہرے زخم آئے ہیں۔ ان میں سے ایک کو سر اور گردن میں گولی ماری گئی تھی جبکہ دوسرے کو پیٹھ میں گولیاں ماری گئیں۔
طبی ذرائع نے بتایا کہ ابن سینا اسپتال میں داخل زخمی کو فوری طور پر آپریشن روم میں داخل کر دیا گیا، کیونکہ ان میں سے ایک کی طبی حالت خطرے میں تھی۔صبح قابض فوج نے بڑی تعداد میں الیامون پر دھاوا بول دیا اور اس کے متعدد مکانات پر چھاپے مارے جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینیوں کے ساتھ تصادم شروع ہو گیا۔
اسرائیل کے آئرن ڈوم دفاعی نظام نے غزہ سے آنے والاراکٹ تباہ
اسرائیل کے عوامی نشریاتی ادارے کان ریڈیو نے پیر کے روز خبردی ہے کہ غزہ کی پٹی سے داغے گئے ایک راکٹ کو آئرن ڈوم دفاعی نظام نے مارگرایا ہے اور مزید کہا ہے کہ یہ گذشتہ قریباً سات ماہ میں غزہ سے جنوبی اسرائیل کی جانب پہلا راکٹ حملہ تھا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم نے غزہ سے داغے گئے راکٹ کو مار گرایا۔
یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل اسرائیلی فوج نے جنوبی اسرائیل میں واقع علاقوں کیسوفیم اورعین ہاشلوشا میں راکٹ حملے سے خبردار کرنے کے لیے سائرن بجائے تھے۔کان ریڈیو کی اطلاع کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اورگذشتہ سات ماہ کے دوران میں یہ پہلا موقع ہے جب فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کی طرف راکٹ داغا گیا ہے۔
یہ راکٹ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) میں واقع مسجداقصیٰ کے احاطے میں جھڑپوں کے بعد فلسطینی،اسرائیل کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ الاقصیٰ کے احاطے میں تشدد کا آغاز جمعہ کو علی الصبح ہواتھا اور اس میں اب تک 170 سے زیادہ افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
ان میں زیادہ تر فلسطینی ہیں۔مسجدِاقصیٰ اسلام کا تیسرا متبرک ترین مقام ہے۔یہودکے لیے بھی یہ مقدس ترین مقام ہے۔وہ اسے ہیکل ماؤنٹ کہتے ہیں۔ یہ تاریخی طور پر فلسطینیوں اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا ایک اہم مقام رہا ہے۔
باکسر عامر خان کا فلسطینیوں کے لیے خطیر رقم کا عطیہ
پاک نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے فلسطینی عوام کے لیے خطیر رقم کا عطیہ دینے کا اعلان کردیا۔ باکسر عامرخان نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر 50 ہزار پاؤنڈ عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے اور اس مہم میں شامل ہونے والے اور لوگوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔باکسر عامرخان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے حالات پریشان کن ہیں، فلسطینیوں کے ساتھ مسلسل بدسلوکی اور انہیں اَذیتیں دی جارہی ہیں، میری نیک دعائیں فلسطین کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔



