قومی خبریں

مہاراشٹر: ایم پی نونیت رانا اور شوہر روی رانا کو جیل  عدالت نے 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیجا

ممبئی،24؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امراوتی کے ایم پی نونیت رانا MP Navneet Rana اور ان کے شوہر اور ایم ایل اے روی رانا کو عدالت سے دھچکہ لگا ہے۔ عدالت نے دونوں رہنماؤں کو 14 دن کے لیے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ تاہم پولیس کی جانب سے پولیس حراست کی مانگ کی گئی تھی جسے باندرہ میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ نے مسترد کر دیا تھا۔
عدالت نے دونوں فریقین سے کہا ہے کہ وہ 27 اپریل تک اپنے جواب عدالت میں جمع کرائیں۔ اس کیس کی اگلی سماعت اب 29 اپریل کو ہوگی۔اس سے قبل ممبئی پولیس نے درج کی گئی ایف آئی آر میں سرکاری ملازم کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے مجرمانہ طاقت کے استعمال سے متعلق دفعہ 353 بھی شامل کی ہے۔
واضح رہے کہ پولیس نے نونیت رانا اور ان کے شوہر کے خلاف بغاوت سے متعلق ایک دفعہ بھی لگائی ہے۔قابل ذکر کہ سنیچر کو رانا جوڑے کی طرف سے پیش ہوئے سینئر ایڈوکیٹ رضوان مرچنٹ نے میڈیا والوں کو بتایا کہ ایم پی نونیت رانا اور ایم ایل اے روی رانا کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ گرفتاری غیر قانونی اور غیر آئینی ہے کیونکہ دونوں سرکاری ملازم ہیں انہیں گرفتار کرنے سے پہلے اسپیکر سے اجازت لینی چاہئے تھی لیکن کوئی اجازت نہیں لی گئی۔ لیکن دونوں رہنماؤں کو عدالت نے ضمانت نہیں دی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button