
نئی دہلی، 10 مئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) دہلی ہائی کورٹ نے منگل کو یونائیٹڈ اگینسٹ ہیٹ آرگنائزیشن کے بانی خالد سیفی کی درخواست ضمانت پر دہلی پولیس سے جواب مانگا۔ خالد نے سال 2020 میں قومی دارالحکومت میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات سے متعلق مبینہ سازش کے سلسلے میں اپنے لیے ضمانت کی درخواست کی ہے۔ جسٹس سدھارتھ مردول اور جسٹس رجنیش بھٹناگر کی بنچ نے 8 اپریل کے ٹرائل کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی خالد کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے منگل کو پولیس کو نوٹس جاری کیا۔ٹرائل کورٹ نے خالد کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔
دہلی پولیس کی طرف سے پیش ہونے والے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر امیت پرساد نے نوٹس کو قبول کیا۔ معاملے کی اگلی سماعت 11 جولائی کو ہوگی۔خالد کی طرف سے پیش ہونے والی سینئر وکیل روبیکا جان نے کہا کہ ان کا مؤکل 800 دنوں سے زیر حراست ہے اور ان کا کیس دوسرے شریک ملزمان سے بہت مختلف ہے۔ ٹرائل کورٹ نے خالد کی ضمانت کی درخواست یہ کہتے ہوئے مسترد کر دی تھی کہ ان کے خلاف لگائے گئے الزامات پہلی نظر میں درست معلوم ہوتے ہیں۔



