بین ریاستی خبریں

2 سال سے بچے کو 20 سے زائد کتوں کے ساتھ اپارٹمنٹ میں رکھا گیا

این جی او نے بازیاب کرایا، جوڑے کے خلاف مقدمہ درج

پونے، 12 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹر کے پونے سے ایک چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں پولیس نے اپنے 11 سالہ بچے کو اپارٹمنٹ کے کمرے میں 22 آوارہ کتوں کے ساتھ رکھنے کے الزام میں ایک جوڑے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ کیس پونے کے کونڈوا پولس اسٹیشن میں جوینائل جسٹس ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔پولیس نے کہا کہ مقامی لوگ بچے کی حالت سے واقف تھے۔

اس کے بعد پڑوسیوں نے ایک این جی او – دانیان دیوی چائلڈ ہیلپ لائن پر مدد مانگی۔ یہاں سے پولس کو پورے معاملے کا علم ہوا۔ چائلڈ ہیلپ لائن سے وابستہ انورادھا سہسر بدھے کے مطابق ہمیں ایک مخبر سے اطلاع ملی تھی کہ کونڈوا کے اپارٹمنٹ میں ایک لڑکے کو بند رکھا گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بچے کو اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے دیکھا اور وہ ذہنی طور پر پریشان نظر آیا۔

سہسر بدھے نے بتایا کہ جب این جی او کے کارکن اس اپارٹمنٹ پہنچے تو اسے باہر سے بند پایا لیکن بچہ اور کتا اندر تھے۔ اس اپارٹمنٹ میں کتوں کے کنکال بھی ملے تھے۔ یہاں تک کہ کتوں کا فضلہ بھی کمروں کے اندر سے صاف نہیں کیا گیا۔ بچے کو بہت بری حالت میں رکھا جا رہا تھا۔این جی او کے عہدیداروں نے الزام لگایا کہ انہیں اس معاملے میں پولیس سے زیادہ تعاون نہیں ملا۔

کونڈوا پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر نے پولیس اہلکاروں کو دروازہ توڑ کر بچے کو باہر نکالنے کی ہدایت کی تھی لیکن پولیس اہلکاروں نے ایسا کرنے سے گریز کیا۔ سہسر بدھے نے بتایاکہ ہمارے کارکناب نے بچے کے والدین سے بات کی اور بار بار پولیس سے اسے آزاد کرانے میں مدد مانگی، ہم نے بچے کو بھی بچا لیا لیکن پولیس شکایت درج نہیں کرنا چاہتی تھی۔ جب ہم نے چائلڈ ویلفیئر کمیٹی (سی ڈبلیوسی) کو معاملے کے بارے میں بتایا تو پولیس نے مقدمہ درج کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button