دوپہیوں کی گاڑیوں پر 500 روپئے کاروں پر 2000 روپئے کمرشیل گاڑیوں سے 2500 روپئے وصول کیا جائیگا
تلنگانہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے گذشتہ ایک ہفتہ سے ہر دن گاڑیاں چلانے والوں پر مختلف قسم کے ٹیکسیس کا اضافہ کرتے ہوئے مالی بوجھ عائد کیا جارہا ہے ۔ تازہ طور پر نیا فیصلہ کرتے ہوئے گاڑیوں کی خریدی پر روڈ سیفٹی سیس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نئی خریدی جانے والی ہر گاڑی پر اب سیس وصول کیا جائے گا ۔ موٹر سیکل ، اسکوٹر ، موپیڈ جیسی دوپہیوں کی گاڑیوں پر 500 روپئے ، کاروں پر 2000 روپئے اور کمرشیل شعبہ کی گاڑیوں پر 2500 روپئے تک روڈ سیفٹی سیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
گذشتہ ایک ہفتہ سے لائف ٹیکس ، گرین ٹیکس ، سہ ماہی ٹیکس میں اضافہ کرنے کے بعد حکومت نے روڈ سیفٹی سیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مرکزی حکومت کے جاری کردہ سرکلر 714 ( ای ) کے مطابق آٹوز اور دوسری کمرشیل گاڑیوں کے ری ۔ رجسٹریشن جرمانہ کے بوجھ میں اضافہ ہونے پر گاڑیاں والوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ جس کی وجہ سے روڈ سیفٹی سیس پر عمل آوری کے لیے چند دن بعد احکامات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
پرانی گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹانے کے لیے نئے تکنیکی ، الکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے ان گاڑیوں کو اسکراپ کی نذر کرنے کے لیے گرین ٹیکس میں اضافہ کردیا ہے ۔ موٹر سیکل ، کار جیسی شخصی گاڑیوں کا 15 سال بعد ری رجسٹریشن کرنے پر 2000 تا 5000 روپئے گرین ٹیکس عائد کردیا گیا ہے ۔
کمرشیل گاڑیوں کو تین سلابس میں تقسیم کرتے ہوئے گرین ٹیکس وصول کیا جارہا ہے ۔ لاریوں پر پہلے تین ہزار روپئے وصول کیا جاتا تھا اب نئے سلاب کے تحت 10 ہزار روپئے سے زائد ٹیکس وصول کیا جائے گا ۔



