نئی دہلی،13؍مئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)راجستھان کے ادے پور میں کانگریس کے تین روزہ ’نوسنکلپ چنتن شیور‘ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے مرکز میں برسراقتدار بی جے پی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ بی جے پی نے ملک کے لوگوں کو خوف کے ماحول میں رہنے پر مجبور کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’نو سنکلپ چنتن شیور‘ ہمیں ان چیلنجوں پر بات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جن کا ملک کو بی جے پی، آر ایس ایس اور اس کے اتحادیوں کی پالیسیوں کے نتیجے میں سامنا ہے۔
سونیا گاندھی نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے کہا کہ یہ وقت ہے کہ پارٹی اور انفرادی طورپر ہم سب کی فکر کریں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم میں تبدیلی وقت کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے کام کرنے کے انداز کو بھی بدلنا ہوگا۔ سونیا گاندھی نے لوگوں سے پارٹی کے لیے مل کر کام کرنے کی بھی اپیل کی۔سونیا گاندھی نے کہا کہ ہم کوششوں سے ہی تبدیلی لا سکتے ہیں، ہمیں ذاتی خواہشات کو تنظیم کی ضروریات کے تحت رکھنا ہوگا۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ میں پارٹی کے لوگوں سے گزارش کرتی ہوں کہ وہ کیمپ میں کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کریں لیکن اس سے ایک مضبوط پارٹی اور پارٹی میں اتحاد کا پیغام ملک میں جانا چاہیے۔



