بین ریاستی خبریں

بہار:گرائی جائے گی پٹنہ کلکٹریٹ کی 350 سالہ پرانی عمارت سپریم کورٹ نے کہا ہر عمارت محفوظ رکھنے کے قابل نہیں ہوتی

نئی دہلی، 14 مئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سپریم کورٹ نے دئے گئے ایک اہم حکم میں بہار کی راجدھانی پٹنہ کے کلکٹریٹ آفس کی 350 سال پرانی عمارت کو منہدم کرنے کی اجازت دی۔ عدالت نے اپنے حکم میں تبصرہ کیا کہ برطانوی راج کی ہر عمارت محفوظ کرنے کے قابل نہیں ہے۔انڈین نیشنل ٹرسٹ فار آرٹ اینڈ کلچرل ہیریٹیج (آئی این ٹی اے سی ایچ) کی پٹنہ یونٹ نے اس عمارت کو بچانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ عمارت کو منہدم کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست میں دلیل دی گئی تھی کہ یہ عمارت شہر کے ثقافتی ورثے کا ایک بڑا حصہ ہے۔

اسے گرانے کے بجائے اس کی حفاظت کرنی چاہیے۔ اس عمارت کو انگریز افیون اور نمک ذخیرہ کرنے کے لیے گودام کے طور پر استعمال کرتے تھے۔بہار حکومت نے 31 جولائی 2019 کو پٹنہ کلکٹر کے دفتر کی اس خستہ حال عمارت کو منہدم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے احکامات جاری کئے تھے۔ حکومت یہاں نئی عمارت بنانا چاہتی ہے۔ سپریم کورٹ نے ستمبر 2020 میں عمارت میں جمود برقرار رکھنے کی ہدایت دی تھی۔

بہار حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل منیندر سنگھ نے کہا کہ عمارت خستہ حال ہونے کی وجہ سے لوگوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ بہار اربن آرٹس اینڈ ہیریٹیج کمیشن نے 4 جون 2020 کو کلکٹریٹ کمپلیکس کو منہدم کرنے کی منظوری دی تھی۔ 1972 میں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) نے بہار میں ایک سروے کیا۔ انہوں نے پٹنہ کلکٹریٹ کو بھی محفوظ عمارتوں کی فہرست میں شامل نہیں کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button