ممبئی ، 16 مئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مہاراشٹر میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک کسان نے 200 کوئنٹل پیاز لوگوں میں مفت تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ پیاز مفت ملنے کی خبر جب لوگوں کو ہوئی تو وہ بوریاں بھر بھر کر اسے اپنے گھر لے گئے۔ لیکن کسان نے یہ قدم اپنی خوشی سے نہیں اٹھایا، بلکہ پیاز کی قیمتوں میں اچانک آئی گراوٹ سے پریشان ہو کر اسے مفت تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا۔ دراصل مہاراشٹر میں پیاز کی پیداوار کرنے والے کسانوں کی حالت انتہائی دگرگوں ہے۔
پوری فصل فروخت کرنے کے بعد بھی وہ خرچ کا نصف حصہ بھی نہیں نکال پا رہے ہیں۔مہاراشٹر کے کئی علاقوں میں پیاز کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس سے کسانوں کے سامنے زبردست بحران کھڑا ہو گیا ہے۔ پیاز فروخت نہ ہو پانے سے ہی پریشان ہو کر ایک کسان نے 200 کوئنٹل یعنی 20 ہزار کلو پیاز لوگوں میں مفت تقسیم کر دی۔ یہ کسان بلڈھانہ ضلع کے شیگاؤ ں کا رہنے والا ہے جس کا نام کیلاش پمپلے ہے۔
اس کے پاس ساڑھے تین ایکڑ کھیت ہے۔ وہ دو ایکڑ میں پیاز کی کھیتی کرتا ہے۔ کیلاش کا کہنا ہے کہ اس بار فصل بھی اچھی ہوئی تھی۔ 2 لاکھ روپے کی لاگت آئی تھی، لیکن پیاز کی قیمتوں میں اچانک آئی گراوٹ نے کہیں کا نہیں چھوڑا۔ بازار میں پیاز 4 سے 5 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔
ایسے میں کسانوں سے پیاز خریدنے والے کاروباری فصل کی صحیح قیمت نہیں دے رہے۔کسانوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اپنی پیاز کی فصل منڈی لے جانے کا انتظام بھی نہیں ہے۔ کسی طرح انتظام کر بھی لیا جائے تو کوئی فائدہ نہیں، کیونکہ منڈی میں فصل لے جانے کے لیے لگنے والا خرچ بھی پیاز فروخت کرنے کے بعد وصول نہیں ہو پائے گا۔



