قومی خبریں

گجرات: مجلس اتحادالمسلمین کے ترجمان دانش قریشی گرفتار

گیان واپی مسجد کے وضو خانہ میں مبینہ برآمد نام نہاد شیولنگ کیخلاف تبصرہ کیا تھا

احمد آباد ، 18 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ترجمان دانش قریشی کو گجرات میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ کارروائی احمد آباد سائبر کرائم برانچ نے کی ہے۔ اطلاع کے مطابق دانش قریشی نے گیا ن واپی مسجد کے وضو خانہ میں مبینہ طور پر پائے جانے والے شیولنگ پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا، جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دراصل دانش قریشی نے سوشل میڈیا پر شیولنگ کے خلاف قابل اعتراض پوسٹ کیا تھا ۔

اس کے بعد وشو ہندو پریشد کی جانب سے اس پوسٹ کے خلاف شکایت درج کرائی گئی۔سائبر کرائم کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس جے ایم یادو نے میڈیا کو بتایا کہ قابل اعتراض پوسٹ دانش قریشی نامی ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی تھی۔ اس پوسٹ میں دانش قریشی نے اتر پردیش کے وارانسی میں گیان واپی مسجد میں ہندو فریق کے مبینہ دعویٰ کے مطابق پائے جانے والے نام نہاد ’شیولنگ‘پر سوال اٹھایا تھا، اور اس شیو لنگ پر انہوں نے طنزیہ تبصرہ کیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ دانش کے ٹویٹ سے ہندو کمیونٹی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دانش کیخلاف دو تھانوں میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button