اورنگ آباد، 19 مئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)محکمہ آثار قدیمہ یعنی آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) نے اورنگ آباد میں واقع مغل بادشاہ اورنگزیبؒ کے مقبرے کو پانچ دنوں کے لیے بند کر دیا ہے۔ محکمہ آثار قدیمہ نے یہ قدم ایم این ایس کی دھمکی اور مقامی مسجد کمیٹی کی جانب سے مقبرے کو تالا لگانے کی کوشش کے بعد اٹھایا۔واضح ہو کہ مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے ترجمان گجانن کالے نے منگل کو کہا تھا کہ اورنگ زیب کے مقبرے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور اسے گرایا جانا چاہیے تاکہ لوگ وہاں نہ جاسکیں۔اس کے بعد اورنگ آباد کے علاقے خلد آباد کی مسجد کمیٹی نے مقبرے کو تالا لگانے کی کوشش کی۔
شہنشاہ اورنگ زیب عالمگیر کی قبر خلد آباد کے علاقے میں واقع ہے۔ اس پورے واقعہ کے بعد محکمہ آثار قدیمہ نے مقبرے کی سیکورٹی بڑھا دی تھی۔ اسی دوران اے ایس آئی نے قبر کو پانچ دن کے لیے بند کر دیا۔ محکمہ آثار قدیمہ کے اورنگ آباد منطقہ کے سپرنٹنڈنٹ ملن کمار چاولے نے کہا کہ اس سے قبل مسجد کمیٹی نے مقبرے کو تالا لگانے کی کوشش کی تھی، لیکن ہم نے اسے کھول دیا تھا، تاہم بدھ کو ہم نے اسے اگلے پانچ دنوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اہلکار نے کہاکہ ہم صورتحال کا جائزہ لیں گے اور پھر فیصلہ کریں گے کہ اسے کھولنا ہے یا اسے مزید پانچ دن کے لیے بند رکھنا ہے۔خیال رہے کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما اکبر الدین اویسی نے اس ماہ کے شروع میں اورنگ زیب کے مقبرے پر حاضری دی تھی، ان کے اس اقدام کی مہاراشٹر میں حکمراں شیو سینا کے ساتھ ساتھ ایم این ایس نے بھی تنقید کی تھی۔



