انسانیت سوز حرکت ، دو افراد گرفتار، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد /19 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) محنت کی کمائی کو پوچھنے پر اذیت رسانی کا شکار ایک کمسن ہوٹل مزدور کو ہوٹل کے مالک اور اس کے بھائیوں نے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا ۔ یہ انسانیت سوز واقعہ راجندر نگر علاقہ میں پیش آیا ۔ انسپکٹر پولیس کنکیا کے مطابق 11 سالہ محمد حسین ہوٹل مالک عمران اور اس کے بھائیوں کے مبینہ حملہ میں فوت ہوگیا ۔ محمد حسین سن سٹی علاقہ میں رہتا تھا ۔ جس کا تعلق سیڑم گلبرگہ سے بتایا گیا ہے ۔ زندگی کے گذر بسر کیلئے حسین ہوٹل میں کام کرتا تھا ۔ راجندر نگر پولیس حدود میں واقعہ ایس ایس رسٹورنٹ میں حسین کام کرتا تھا ۔ 12 مئی کو ہوٹل میں فاسٹ فوڈ تیار کرنے والے ماسٹر فاروق نے حسین کو ڈنر لانے کیلئے کہا اس دوران تاخیر ہونے پر ماسٹر فاروق نے گرم کھولتا ہوا پانی کو حسین کے سرپر ڈال دیا ۔
شدید جھلسی ہوئی حالت میں حسین اپنے مکان پہونچا اور سارے واقعہ کی تفصیلات سے اس کی والدہ کو آگاہ کیا ۔ جس کے بعد حسین کے ہمراہ ان کی والدہ ایس ایس ریسٹورنٹ پہونچے اور خاتون نے بیٹے کی حالت پر مالک ہوٹل سے دریافت کیا اور ظالم ماسٹر سے پوچھا اس دوران حسین اور اس کی والدہ نے محنت کی کمائی دینے کا مطالبہ کیا ۔
حسین کی محنت کی کمائی ہوٹل مالک کے پاس تھی ۔ لیکن اس سنگ دل ہوٹل مالک نے رقم نہیں دی اور رات حسین کے مکان اپنے بھائیوں کے ساتھ پہونچا اور حسین کو گھر سے نکال کر اس کمسن ہوٹل مالک عمران اور اس کے بھائی ٹوٹ پڑے اور لاٹھوں اور پتھروں سے حملہ کرتے ہوئے حسین کو شدید زخمی کردیا ۔جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا اور کل رات اس کمسن کی موت ہوگئی ۔ راجندر نگر پولیس نے اس سلسلہ میں عمران اور اس کے بھائی کو گرفتار کرلیا ہے ۔ انسپکٹر کنکیا نے بتایا کہ اس کیس میں مزید گرفتاریاں باقی ہیں ۔



