سرورققومی خبریں

18 سال قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے کے بعد ،معمر خاتون حسینہ بیگم کی بھارت واپسی‘ افسران نے کیا خیر مقدم

 
18 سال قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے کے بعد ،معمر خاتون حسینہ بیگم کی بھارت واپسی‘ افسران نے کیا خیر مقدم

ANI

اورنگ آباد: : ( اردونیا.اِن) پڑوسی ملک پاکستان میں اپنی عمر کے 18 سال گذارنے کے بعد آج شہر کی معمر خاتون حسینہ بیگم اپنے گھر واپس آگئیں۔ حسینہ بیگم کی شہر آمد پر ان کے اہلِ خانہ اور رشتہ داروں میں خوشی کا ماحول پایا جارہا ہے‘ جبکہ شہر آمد پر پولس افسران نے ان کا گلدستہ دیکر استقبال اور خیر مقدم کیا۔ ذرائع کے مطابق شہر سے تعلق رکھنے والی معمر خاتون حسینہ بیگم اپنے رشتہ داروں سے ملنے کی غرض سے 18 سال قبل پڑوسی ملک پاکستان گئی تھیں‘

اس وقت ان کی عمر 65 سال تھی‘ تاہم لاہور پہنچنے کے بعدحسینہ بیگم کا پاسپورٹ گم ہوگیا اور پاکستان پولس نے انہیں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔ جس کے بعد حسینہ بیگم نے خود کو بھارتی شہری ثابت کرنے کی کوشش کی‘ یہ معاملہ پاکستانی عدالت میں پہنچا‘ جہاں عدالت نے ثبوتوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے انہیں بھارتی شہری ماننے سے انکار کردیا‘ انہیں قید کرنے کی اطلاع بھارت میں موجود ان کے رشتہ داروں کو ملنے کے بعد رشتہ داروں نے اورنگ آباد پولس سے رجوع کیا‘ جس پر اورنگ آباد پولس نے حسینہ بیگم کے گھر والوں سے شہریت کے ثبوت حاصل کیے‘

اسی طرح اُتر پردیش کے سہارنپور شہر میں حسینہ بیگم کی سسرال کے دستاویزات بھی حاصل کیے گئے اور تمام دستاویزات اکٹھا کر کے پاکستانی حکومت و عدلیہ کو پیش کیے گئے۔ طویل قانونی جدوجہد کے بعد پاکستانی عدلیہ کی جانب سے حسینہ بیگم کی بھارتی شہری کے طور پر تصدیق کرلی گئی اور عدالت کے حکم پر گذشتہ ہفتہ ان کی پاکستان سے رہائی عمل میں آئی۔ گذشتہ روز (منگل) کو حسینہ بیگم اپنے آبائی شہر اورنگ آباد پہنچی۔ جہاں پولس افسران نے ان کا خیر مقدم کیا‘ ساتھ ہی ان کے اہلِ خانہ میں بھی خوشی کا ماحول دیکھا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button