ٹوکیو؍نئی دہلی، 23 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) جاپان کے مشہور اخبار یومیوری شمبن نے پیر کو وزیر اعظم ہندمودی کا ہندوستان-جاپان تعلقات اور گزشتہ 70 سالوں کی شراکت داری پر ایک مضمون شائع کیا ہے۔ جاپانی زبان میں شائع ہونے والے اس مضمون میں وزیر اعظم مودی نے دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ سات دہائیوں سے متحرک تعلقات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک کی شراکت کو امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اہم قرار دیا ہے۔ٹویٹر پر یہ معلومات شیئر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ اس مضمون میں ہندوستان اور جاپان کی خصوصی دوستی کے سفر کو اجاگر کیا گیا ہے، جس نے 70 شاندار سال مکمل کر لیے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اور جاپان کے درمیان متحرک تعلقات پر ایک مضمون لکھا گیا ہے۔ امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہماری ایک شراکت داری ہے۔ 70 شانداربرسوں کو مکمل کرنے والی اس دوستی کے سفر کو مزید موزوں بنانے اور اپنی خصوصی دوستی کے سفر کو مزید تقویت دینے کے لیے اس پر عمل کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ کووڈ کے بعد کی دنیا میں ہندوستان-جاپان تعاون اہم ہے۔ ہماری قوم جمہوری اقدار کی پابند ہے۔
ہم دونوں ایک مستحکم اور محفوظ ہند-بحرالکاہل کے اہم ستون ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم مختلف کثیرالجہتی فورمز پر بھی مل کر کام کر رہے ہیں۔پی ایم مودی نے کہاکہ مجھے گجرات کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے جاپان کے لوگوں کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت کرنے کا موقع ملا ہے۔ جاپان کی ترقی کا رجحان ہمیشہ سے قابل ستائش رہا ہے۔ جاپان انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی، اختراع، اسٹارٹ اپس سمیت کئی اہم شعبوں میں ہندوستان کے ساتھ شراکت داری کر رہا ہے۔
وزیراعظم ہند نے جاپان کے چار اعلیٰ کاروباری لیڈران سے کی ملاقات
جاپان کے دو روزہ دورے پر پہنچنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلی بار آج یہاں جاپان کے چار اعلیٰ کاروباری لیڈروں سے ملاقات کی اور انہیں ہندوستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے امکانات اور ان سے فائدہ اٹھانے کے بارے میں مطلع کیا۔ امریکہ، آسٹریلیا، ہندوستان اور جاپان کے کواڈرینگولر الائنس (کواڈ) سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آئے پی ایم مودی نے اپنی کاروباری ملاقاتوں کی شروعات ڈاکٹر نبوہیرو اینڈو، صدر، این ای سی کارپوریشن سے کی، اور پھرفاسٹ ریٹیلنگ کمپنی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر تاداشی یانائی، سوزوکی موٹر کارپوریشن کے سینئر ایڈوائزر اوسامو سوزوکی اور سافٹ بینک گروپ کارپوریشن کے بورڈ ڈائریکٹر ماسایوشی سون سے بھی ملاقات کی۔نبوہیرو اینڈو کے ساتھ اپنی ملاقات میں، پی ایم مودی نے ہندوستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں این ای سی کے کردار کی تعریف کی۔ چنئی انڈمان اور نکوبار جزائر اور کوچی لکشدیپ آپٹیکل فائبر پروجیکٹس میں این ای سی کا تعاون اہم ہے۔
وزیر اعظم نے پروڈکٹیوٹی لنک انسینٹیو اسکیم کا خاکہ پیش کیا اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور ساتھ ہی ہندوستان میں ٹیکسیشن اور لیبر قوانین میں لبرلائزیشن کے بارے میں معلومات فراہم کی۔تاداشی یانائی کے ساتھ اپنی ملاقات میں، پی ایم مودی نے ہندوستان میں ٹیکسٹائل کے کاروبار کی ترقی اور پروڈکٹیوٹی لنک انسینٹیو اسکیم کے تحت سرمایہ کاری کے مواقع اور صنعتی ترقی، انفراسٹرکچر، ٹیکسیشن اور لیبر ریفارمز اورغیرملکی سرمایہ کاروں کو کاروبار کرنے میں آسانی کے شعبوں میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم نے یونیکلیو کو ہندوستان میں ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ ہب بنانے کی سمت میں زیادہ سے زیادہ شراکت پر زور دیا۔ مودی نے یونیکلو کو پی ایم مترا اسکیم کا فائدہ اٹھانے کی پیشکش بھی کی۔اوسامو سوزوکی کے ساتھ اپنی ملاقات میں، پی ایم مودی نے ہندوستان میں سوزوکی موٹرز کے تعاون کو یاد کیا اور کہا کہ اس نے ہندوستان میں آٹوموبائل انڈسٹری کو بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوزوکی موٹر گجرات پرائیویٹ لمیٹڈ اور ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ آٹوموبائل اور آٹو کمپونینٹس سیکٹر میں پروڈکٹیوٹی لنک انسینٹیو اسکیم کے پہلے مستفید ہوئے ہیں۔



