بین ریاستی خبریں

آگرہ : نجی اسپتال میں اسقاط حمل اور جنس تشخیص کا معاملہ ،پانچ گرفتار

آگرہ، 24 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) آگرہ ہریانہ ایس ٹی ایف اور آگرہ محکمہ صحت کے چھاپوں میں جنین کے جنس تشخیص اور غیر قانونی اسقاط حمل کا سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہریانہ اور مقامی محکمہ صحت کی ٹیم نے مشترکہ طور پر ٹرانس یمنا کالونی فیز II میں واقع پریا اسپتال پر چھاپہ مارکر پورے معاملے کا انکشاف کیا ہے۔اس معاملے میں اسپتال کے آپریٹر ڈاکٹر راجیو کمار، نرس، دلال آٹھ لوگوں سمیت نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے اسپتال کے آپریٹر راجیو کمار سمیت 5 لوگوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔

اس معاملے میں اب تک جنس تشخیص سے متعلق تمام کارروائیوں میں ہریانہ، راجستھان اور مدھیہ پردیش کی ٹیموں نے آگرہ آکر کارروائی کی ہے۔ ایسے میں آگرہ کے محکمہ صحت پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر راجیو کمار تیسری بار صنفی جانچ کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔ اس لیے ڈاکٹر کی جائیداد کی چھان بین کرنے کا کہا گیا ہے۔سی ایم او آگرہ کے مطابق دیہی علاقوں میں آشا کارکنوں سے حالیہ اسقاط حمل کی صورتحال جاننے کے لیے کہا گیا ہے کہ اسقاط حمل کی کیا وجہ تھی۔

این جی اوز اور دیگر تنظیموں کی مدد سے ایسے ہسپتالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا جو اب تک اس دھندے میں ملوث ہیں، لیکن تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔ آگرہ میں 263 الٹراساؤنڈ سینٹر ہیں،ان تمام سینٹرس کی نگرانی کی جارہی ہے۔الزام ہے کہ محکمہ صحت کی ملی بھگت سے پرائیویٹ اسپتال میں جنس تشخیص کا کاروباراور بغیر رجسٹریشن کے اسقاط حمل کیے جا رہے تھے۔ غور طلب ہے کہ پریا اسپتال میں اس طرح کا معاملہ تیسری بار پکڑا گیا ہے، لیکن پی سی پی این ڈی ٹی انچارج نے اس معاملہ میں کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔

2016 میں اسی معاملے میں پریا ہسپتال کو سیل کر دیا گیا تھا اور نرس سریتا کو الٹراساؤنڈ مشین سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ ہریانہ کے نوح ضلع کے محکمہ صحت اور ایس ٹی ایف کے ساتھ مل کر آگرہ کے سی ایم او کی ٹیم نے ہفتہ کو پریا اسپتال میں جنس جانچ کے لیے اسٹنگ آپریشن کیا تھا۔پریا ہسپتال کے آپریٹر ڈاکٹر راجیو کمار نے 40 ہزار روپے میں جنس تشخیص کا سودا کیا تھا۔

جب ہریانہ اور آگرہ کے سی ایم او کی ٹیم نے اس پر چھاپہ مارا تو اسپتال سے ایک جنین بھی ملا۔ جنین کی جنس تشخیص میں استعمال ہونے والی مشینیں اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔اس معاملے میں ملزم ڈاکٹر راجیو کمار اور اس کے ایجنٹ سمیت 5 ساتھیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور شواہد کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کیاگیا ہے، جس کے بعد ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button