آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں وراٹ کوہلی اور روہت شرما کا جلوہ قائم
دبئی : (اردودنیا.اِن) آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز وراٹ کوہلی اور روہت شرما کا جلوہ برقرار ہے ، جبکہ جسپریت بمراہ تیسرے نمبر پر ہیں۔ وراٹ کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوران دو نصف سنچری اننگز کھیلی تھی ،
جبکہ روہت شرما انجری کی وجہ سے اس ون ڈے سیریز میں نہیں کھیلے تھے۔ اس کے باوجود وہ دوسرے نمبر پر ہیں ، جبکہ وراٹ کوہلی پہلے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے بلے باز بابر اعظم ون ڈے بلے بازوں کی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر ہیں اور ان کے روہت شرما سے پانچ پوائنٹس کم ہیں۔
آل راؤنڈروں کی ون ڈے رینکنگ کے بارے میں بات کریں تو رویندر جڈیجہ کو ایک مقام کا نقصان ہوا ہے اور وہ اس وقت آٹھویں نمبر پر ہیں۔ آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ بدھ کو جاری کردی گئی ہے ، آئرلینڈ کے آل راؤنڈر پال اسٹارلنگ اور بنگلہ دیش کے اسپنر مہندی حسن کو کافی فائدہ ہواہے۔ اسٹارلنگ کوآٹھ مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ20 ویں مقام پر آگئے ہیں۔ انہوں نے افغانستان کے خلاف 285 رنز بنائے ،
جس میں انہوں نے دوسرے اور تیسرے میچوں میں سنچری بھی بنائی تھی۔دوسری طرف بنگلہ دیش کے آف اسپنر مہندی حسن کو نو مقام کا فائدہ ہوا ہے۔ گیندبازوںکی درجہ بندی میں ٹرینٹ بولٹ 722 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں ، جبکہ مجیب الرحمان 708 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ تیسرے نمبر پر آنے والے جسپریت بمراہ کے 700 پوائنٹس ہیں۔ محمد عامر 647 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے جبکہ پیٹ کمنس 646 پوائنٹس کے ساتھ دسویں پوزیشن پر ہے۔




