
نئی دہلی، 9 جون :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) الیکشن کمیشن نے جمعرات 9جون کو صدارتی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند کی میعاد 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے اور اس سے پہلے اگلا صدارتی انتخاب ہونا ہے۔ الیکشن کمیشن نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ہندوستان کے اگلے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ 18 جولائی 2022 کو ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 21 جولائی کو ہوگی۔ صدر رام ناتھ کووند کی مدت 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے اور اگلے صدر کے لیے اس دن سے پہلے انتخاب ہونا ہے۔
نئے صدر کو 25 جولائی تک حلف اٹھانا ہے۔ یاد رہے کہ صدر رام ناتھ کووند 2017 میں منتخب ہوئے تھے۔ نامزدگی کی آخری تاریخ 29 جون ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ 30 جون ہے جبکہ امیدواری واپس لینے کی آخری تاریخ 2 جولائی ہے۔ پولنگ کی تاریخ 18 جولائی ہے اور ووٹوں کی گنتی21 جولائی کو ہوگی۔ صدر کا انتخاب الیکٹورل کالج کے ممبران کے ذریعے کیا جاتا ہے جس میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے منتخب ممبران اور تمام ریاستوں کی قانون ساز اسمبلیوں کے منتخب ممبران شامل ہوتے ہیں۔
قومی دارالحکومت علاقہ دہلی اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ پانڈیچری کے ممبران اسمبلی بھی حصہ لیتے ہیں۔ جب کہ الیکٹورل کالج میں راجیہ سبھا یا لوک سبھا یا قانون ساز اسمبلیوں کے نامزد ارکان ووٹ دینے کے اہل نہیں ہیں اور انتخابات میں حصہ نہیں لیتے ہیں۔
اسی طرح قانون ساز کونسلوں کے نامزد ارکان بھی صدارتی انتخابات میں بطور ووٹر حصہ نہیں لیتے۔ خیال رہے کہ اتر پردیش، اتراکھنڈ، منی پور، گوا اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد اس الیکشن میں فی الحال بی جے پی اتحاد کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے۔وہیں راجیہ سبھا میں بی جے پی کی اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے اپوزیشن کا پلڑا بھاری محسوس ہورہا ہے۔



