پٹنہ ، 22جون :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)عمومی طور پر سیاستدانوں کے بارے میں عوامی رائے اچھی نہیں ہوتی،تاہم ریاست بہار کے ایسے ہی ایک رکن اسمبلی ہیں یوسف صلاح الدین ہیں، جو تعلیم کو بہت زیادہ ترجیح دیتے ہیں، اور ان کی ہر جگہ تعریف اور قصیدہ خوانی ہورہی ہے ۔ یوسف صلاح الدین بہار قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں، انہوں نے کوسی خطہ کے نوجوانوں کو تعلیم دینے کا بیڑا اٹھایا ہے، انہوں نے سیلاب سے متاثرہ ایک ہزار طلبا و طالبات کو گود لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ ایک ایسا مستحسن قدم ہے،جس سے معاشی مشکلات میں مبتلا طلبا و طالبات کو اپنی تعلیم ترک نہیں کرنی پڑے گی۔ وہ طلباء جنہوں نے دسویں یا بارہویں کا امتحان پاس کیا ہے۔ مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، لیکن معاشی مشکلات کے پیش نظراپنے خوابوں کو پورا کرنے سے قاصر ہیں۔ ان کے لیے رکن اسمبلی یوسف صلاح الدین امید کی کرن بن کر آئے ہیں۔
یوسف نے روزمائین ٹرسٹ کے تعاون سے اپنے علاقے کے 1000 ضرورت مند طلبا کو گود لے کر تدریس کا پروگرام شروع کیا ہے۔ گذشتہ اتوار کو اس سلسلے میں ایک پروگرام رائٹ ٹو ایجوکیشن منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کے 30 کالجز کے چیئرمین وڈائریکٹرزسمیت 8000 سے زائد طلبا نے شرکت کی۔رائٹ ٹوایجوکیشن پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یوسف صلاح الدین نے کہا کہ پیارے دوستو، آپ سب جانتے ہیں کہ دریا کوسی کو بہار کا غم کہا جاتا ہے، کئی سالوں سے سیلاب نے کوسی کے علاقے کو کھوکھلا کر دیا ہے، جب اعلیٰ تعلیم کی بات آتی ہے تو طلباء کو اس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اپنے علاقے میں بہترین کالجز اور انفراسٹرکچر نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔لیکن میں نے بھی ارادہ کیا ہے کہ روزمائین ٹرسٹ کے تحت اس علاقے کے 1000 طلبا کو گود لر کر ان کے تعلیمی اخراجات کو پورا کراوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ میری ذمہ داری ہے کہ بہار سے باہر طلباکو ایسی جگہوں پر لے جاؤں جہاں بہترین انفراسٹرکچر اور کالجز موجود ہیں۔



