ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے نیشنل میڈیکل کمیشن کو تجویز روانہ ، عنقریب منظوری ملنے کا امکان
تلنگانہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) تلنگانہ گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں مزید 247 پی جی نشستیں اضافہ کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے ۔ فی الحال گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں جملہ 967 پی جی نشستیں ہیں ۔ جس کو تعلیمی سال 2022-23 میں مزید 247 نشستوں میں اضافہ کرنے کی محکمہ صحت نے حکمت عملی تیار کی ہے ۔ ہیلت ڈائرکٹر نے حال ہی میں ایک تجویز نیشنل میڈیکل کمیشن کو روانہ کی ہے ۔
سوریہ پیٹ میڈیکل کالج میں 25 سدی پیٹ میڈیکل کالج میں 80 نلگنڈہ میڈیکل کالج میں 30 نظام آباد میڈیکل کالج میں 16 عثمانیہ میڈیکل کالج میں 32 محبوب نگر میڈیکل کالج میں 10 کاکتیہ میڈیکل کالج میں 10 عادل آباد ریمس میڈیکل کالج میں 22 گاندھی میڈیکل کالج 22 اس طرح جملہ 247 نشستوں کا اضافہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔
محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس پر بہت جلد نیشنل میڈیکل کمیشن سے منظوری ملنے کے امکانات ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت نے ریاست کے ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس سے ریاست میں ایم بی بی ایس نشستوں کی تعداد 5240 اور پی جی کی نشستیں 2500 سوپر اسپیشالیٹی کی نشستیں 1000 تک پہونچ جائیں گی ۔
ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر رمیش ریڈی نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں ایم بی بی ایس نشستوں کے تناسب سے پی جی نشستوں میں اضافہ نہیں ہوا ہے ۔ یہ صرف ریاست تلنگانہ میں ممکن ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے طبی تعلیم کے شعبہ میں باقاعدہ ترقیاں دے رہے ہیں جس سے اہل پروفیسرس اور اسوسی ایٹ پروفیسرس کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جس سے پی جی نشستوں میں اضافہ کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔
گذشتہ 8 سال کے دوران 430 پی جی طبی نشستوں میں اضافہ کرنے میں ہم کامیاب رہے ہیں ۔ حکومت سرکاری ہاسپٹلس میں ضروری انفراسٹرکچر کی فراہمی کو اولین ترجیح دے رہے ہیں ۔ اس لیے پی جی نشستوں کے اضافہ میں کوئی رکاوٹیں پیدا نہیں ہورہی ہیں ۔



