گوہاٹی، 27جون :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)شیو سینا کے ناراض لیڈر ایکناتھ شندے نے پارٹی قیادت پر طنز کیا اور حیرت کا اظہار کیا کہ بال ٹھاکرے کی پارٹی ایسے لوگوں کی حمایت کیسے کر سکتی ہے جو داؤد ابراہیم کے ساتھ براہ راست روابط رکھتے ہیں، جس نے کئی بم دھماکے کرکے معصوم ممبئی والوں کو ہلاک کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی حمایت کے خلاف احتجاج میں ان کے اور دیگر ایم ایل ایز نے بغاوت کا جھنڈا بلند کیا ہے اور وہ بال ٹھاکرے کی شیوسینا کو بچانے کے لیے اپنی جان کی پرواہ نہیں کرتے۔اتوار کی رات ایک ناتھ شندے کی طرف سے کیے گئے ٹویٹس واضح طور پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما نواب ملک کے حوالے سے ہیں، جو مبینہ طور پر داؤد ابراہیم کے رشتہ داروں سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں جیل میں ہیں۔
ایک شندے نے ٹویٹ کیا کہ ہندو دل سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے کی شیو سینا ان لوگوں کی حمایت کیسے کر سکتی ہے جن کے داؤد کے ساتھ براہ راست روابط ہیں، جنہوں نے ممبئی دھماکوں کو انجام دے کر معصوم ممبئی والوں کو ہلاک کیا؟ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم احتجاج کے لیے یہ قدم اٹھا رہے ہیں۔ یہاں تک کہ اگر یہ قدم ہمیں موت کے دہانے پر لے جاتا ہے، ہمیں کوئی پرواہ نہیں ہے۔ایک اور ٹویٹ میں، شیوسینا کے سینئر لیڈر نے کہا کہ وہ شیو سینا اور بال ٹھاکرے کے نظریے کی حفاظت کرتے ہوئے مرنے میں اپنی خوش قسمتی سمجھتے ہیں۔



