مہاراشٹر بحران: میرا سر بھی قلم کر دیا جائے پھر بھی گوہاٹی نہیں جاؤں گا: سنجے راوت
ممبئی ، 27جون :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹر میں سیاسی بحران کے درمیان شیوسینا لیڈر سنجے راوت کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ دراصل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے انہیں زمین گھوٹالہ معاملے میں طلب کیا ہے اور کل پیش ہونے کو کہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سنجے راوت کو یہ سمن پروین راوت اور پترا چاول زمین گھوٹالے سے متعلق معاملے میں بھیجا گیا ہے۔ خیال رہے کہ یہ معاملہ 2007 کا ہے۔ اس وقت مہاراشٹر میں کانگریس اور این سی پی کی مخلوط حکومت تھی۔ وزیر اعلیٰ ولاس راؤ دیشمکھ تھے۔ای ڈی کا نوٹس آنے کے بعد راوت نے بھی اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔
راوت نے کہا کہ مجھے ابھی پتہ چلا ہے کہ ای ڈی نے مجھے طلب کیا ہے۔ یہ مہاراشٹر میں بڑی سیاسی پیش رفت ہیں۔ ہم بالا صاحب کے شیوسینک ایک بڑی جنگ لڑ رہے ہیں۔ یہ مجھے روکنے کی سازش ہے۔ اگر میرا سر قلم کر دیں تب بھی میں گوہاٹی کا راستہ منتخب نہیںکروں گا۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا کہ مجھے معلوم تھا کہ ای ڈی مجھے طلب کرنے والی ہے، میں سرنگوں نہیں ہوؤں گا۔باغی ایم ایل اے کچھ بھی کریں، میں گوہاٹی نہیں جاؤں گا۔ میں بالا صاحب کا شیوسینک ہوں اور میں اپنی پارٹی کے ساتھ رہوں گا۔ میں کل ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوں گا۔ ای ڈی سے وقت مانگوں گا، لیکن میں ضرور جاؤں گا۔



