قومی خبریں

نپورشرما کی گستاخی کو منظرعام پر لانا جرم ؟زبیر گرفتار

شریک بانی ’’آلٹ نیوز‘‘ کو گرفتاری سے تحفظ کے باوجود دہلی پولیس نے چالاکی سے گرفتار کیا

حیدرآباد؍ نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) شان رسالتﷺمیں بی جے پی کی ترجمان نپور شرما کی گستاخی کو منظر عام پر لاتے ہوئے عالمی سطح پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کرنے والے محمد زبیر شریک بانی AltNews (آلٹ نیوز) کو دہلی پولیس نے مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں  گرفتار کرلیا ۔ محمد زبیر کو دہلی پولیس نے ان کے خلاف درج کردہ شکایت میں پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا ۔ یتی نرسنگھانند‘ مہنت بجرنگ منی اور آنند سروپ کی زہر افشانی پر ہندتوا تنظیموں نے محمد زبیر کے خلاف شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے انہیں نوٹس جاری کی تھی۔محمد زبیر نے پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے سمن میں ہائی کورٹ سے گرفتاری کے خلاف احکام حاصل کرلئے تھے لیکن دہلی پولیس نے ایک علحدہ مقدمہ درج کرتے ہوئے اس مقدمہ میں ان کی گرفتاری یقینی بنائی اور ان کو معمول کے طبی معائنوں کے لئے سرکاری دواخانہ لے جایا گیا ۔

بانی آلٹ نیوز پرتیک سنہا نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے انہیں بھی زبیرسے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اور محض اتنا بتایا گیا ہے کہ مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں زبیرکو دفعہ 153Aکے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے محمد زبیر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ان پر مذہبی منافرت پھیلانے اور سائبر کرائم کے تحت مقدمات درج کئے ہیں اور ان کے خلاف درج مقدمات میں سیکشن 295 کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دہلی پولیس نے مذہبی منافرت کے علاوہ POCSOایکٹ کے تحت درج شکایات کا بھی جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔

محمد زبیر کو مزید تفتیش کے لئے ریمانڈ حاصل کرنے کے مقصد سے مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا جائے گا ۔محمد زبیر کو دہلی پولیس کی جانب سے دیئے گئے سمن کے بعد زبیر نے آج شام 6:45 بجے دہلی پولیس سے رجوع ہوتے ہوئے اپنا بیان درج کروایا لیکن ذرائع کے مطابق ان کے پاس گرفتاری نہ کرنے کے ہائی کورٹ کے احکامات ہونے کے سبب پولیس نے ایک اور مقدمہ درج کرتے ہوئے یہ کارروائی کی ہے۔

محمد زبیر کی گرفتاری کے خلاف سوشل میڈیا پر دہلی پولیس کی شدید مذمت کی جارہی ہے اور کہا جار ہا ہے کہ دہلی پولیس زبیر کے خلاف انتقامی رویہ اختیار کئے ہوئے ہے اسی لئے عدالت کی جانب سے گرفتاری پر امتناع کے باوجود نیا مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ بانی آلٹ نیوز پرتیک سنہا نے کہا کہ وہ اپنے ساتھی صحافی کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں توقع ہے کہ ملک کے وہ صحافی جو دیانتداری اور فرض شناسی کے ساتھ حقائق کو منظر عام پر لارہے ہیں وہ بھی محمد زبیر کے خلاف جاری کاروائیوں کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button