دبئی ؍نئی دہلی ،28جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) وزیر اعظم نریندر مودی جی-7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد منگل کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دارالحکومت ابوظہبی پہنچے۔ متحدہ عرب امارات کے موجودہ صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔متحدہ عرب امارات میں، مودی شیخ خلیفہ کے انتقال پر اپنی ذاتی تعزیت پیش کریں گے، جو طویل علالت کے بعد 13 مئی کو 73 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
شیخ خلیفہ کی وفات (13 مئی 2022) کے بعد ہندوستان نے متحدہ عرب امارات کے مرحوم صدر کے اعزاز میں 14 مئی کو قومی سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔ سوگ کے موقع پر ملک بھر میں تمام سرکاری عمارتوں پر ہندوستانی قومی پرچم نصف جھکادیاگیا۔ ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک عظیم اور دور اندیش سیاستدان قرار دیا گیا تھا۔شیخ خلیفہ متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زید بن سلطان النہیان کے بڑے بیٹے تھے۔ انہوں نے 3 نومبر 2004 سے اپنی موت تک متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
اس سے قبل نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے بھی گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا اور شیخ خلیفہ کے انتقال پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی قیادت سے تعزیت کی تھی۔مودی کا متحدہ عرب امارات کا آخری دورہ اگست 2019 میں ہوا تھا، جس کے دوران انہیں متحدہ عرب امارات کے صدر کی طرف سے ملک کا سب سے بڑا ایوارڈ آرڈر آف زید ملا تھا۔24 جون کو مودی کے دورے سے قبل ایک خصوصی بریفنگ کے دوران خارجہ سکریٹری ونے کواترا نے کہا تھا کہ وزیر اعظم شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات سال 2019-20 میں چین اور امریکہ کے بعد ہندوستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار تھا۔G7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے دوران، وزیر اعظم نے کئی عالمی رہنماؤں سے بات چیت کی اور عالمی فلاح و بہبود اور خوشحالی کو آگے بڑھانے کے مقصد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ خیال رہے کہ بی جے پی کے زعفرانی خیالات کے برعکس پی ایم مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے سعودی عرب اور یو اے ای کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات میں کافی بہتری آئی ہے۔



