بچھو رینگنے والا ایک زہریلا کیڑا ہے۔ کسی انسان کو لگنے والی بچھو کی ایک ڈنک انسان کے اندر ایک بھونچال مچا دیتی ہے۔ اس کے زہر کے جھنکارے اس قدر درد لئے ہوتے ہیں کہ انسان بلبلا اٹھتا ہے۔ اس کے زہر سے افاقے اور درد سے چھٹکارے کے لئے کئی انجکشن لینے پڑتے ہیں۔قارئین کرام! کیا آپ جانتے ہیں کہ بچھو اپنے بسیرے کیلئے کونسی جگہ پسند کرتے ہیں؟
ان کی انتہائی پسندیدہ جگہ انسانی جوتے اور ساکس ہیں، جوتوں اور ساکس کے استعمال کے بعد ان سے نکلنے والی بُو بچھوؤں کی انتہائی مرغوب بوہے، اسی لئے اسلامی تعلیم ہے کہ جب بھی جوتے پہنے جائیں، انہیں پہننے سے پہلے خوب جھاڑ کر پہنیں۔ جلد بازی میں آفس جانے والے احباب اور اسکول کے طلباء جوتے اور ساکس کو جھاڑے اور جھٹکے بغیر پہن کر نکل پڑتے ہیں۔
اساتذہ اور طلباء کو چاہئے کہ اسکول جانے کے لئے جوتے پہننے سے پہلے انہیں خوب جھٹکیں پھر پہنیں، یہ اطمینان کر لیں کہ اس کے اندر بچھو ہی نہیں، تکلیف دینے والا کوئی دوسرا زہریلا کیڑا تو موجود نہیں ہے؟ ہمیشہ اپنے جوتوں اور ساکس کو پاک صاف رکھیں، اسکول سے آتے ہی اپنے گیلے ساکس لپیٹ کر جوتوں کے اندر نہ ٹھونسیں بلکہ انہیں سوکھنے ڈال دیں اور ہفتے میں دو یا تین مرتبہ اپنے ساکس کسی اچھے ڈٹرجنٹ پاؤڈر سے خوب دھوئیں، اس سے جہاں آپ کے اندر پاکی صفائی کی عادت پڑے گی وہیں جوتے اور ساکس کے ذریعہ ہونے والی پریشانیاں بھی دور ہو جائیں گی۔



