
چیف منسٹر اوورسیز اسکالر شپس ، بیرون ممالک کی یونیورسٹیز میں داخلہ پانے والے طلبہ کو امداد
آج سے آن لائن درخواستوں کی طلبی، ادخال درخواست کی آخری تاریخ 31 جولائی مقرر
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپس کے لئے سال 2022 جنوری تا جولائی کے درمیان بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ سے درخواستوں کی وصولی کے لئے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جاریہ سال کے دوران بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ یکم جولائی 2022 سے آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔اعلامیہ میں آن لائن درخواست کے ادخال کی آخری تاریخ 31جولائی مقرر کی گئی ہے اور آن لائن درخواست کے ادخال کے بعد ہارڈ کاپی کے ادخال کے لئے 10 اگسٹ تک کی مہلت فراہم کی گئی ہے۔
ریاستی حکومت کی جانب سے بیرون ملک یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپس کے تحت 20لاکھ روپئے کی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور اس اوورسیز اسکالر شپس سے استفادہ کے اہل تمام طلبہ کو یکم جولائی تا 31جولائی کے درمیان درخواستیں داخل کرنی ہوں گی۔ بیرونی ممالک کی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ جو 2022جنوری تاجولائی کے درمیان داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے رہنمایانہ خطوط کی پابجائی کرنے والے ہیں وہ اس اسکالر شپ کے لئے درخواست داخل کرنے کے اہل ہیں۔
حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتوں کے لئے چلائی جانے والی اسکیم کے لئے درخواستوں کی آن لائن اصولی اور ہارڈ کاپی معہ نقولات اسنادات اپنے اپنے ضلع کے ڈسٹرکٹ مائیناریٹی آفیسرس کے دفاتر میں جمع کروانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جو کہ درخواست کے ادخال کے بعد 10اگسٹ سے قبل جمع کروائے جانے چاہئے ۔



