بین الاقوامی خبریں

اگلے پانچ سال ہانگ کانگ کی ترقی کے نئے سفرکے لیے اہم ترین ہیں:چینی صدر

ہانگ کانگ، 2جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ہانگ کانگ کے لیے اگلے پانچ سال نئے اور اچھوتے کارنامے سرانجام دیں اورترقی کا نیا سفرشروع کرنے کے لیے اہم ترین ہوں گے۔صدر شی نے ان خیالات کا اظہارجمعہ کو یہاں ہانگ کانگ کی مادر وطن واپسی کی 25 ویں سالگرہ اور ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کی چھٹی مدت کی حکومت کی افتتاحی تقریب کے موقع پر منعقدہ اجلاس میں کیا۔چینی صدر نے کہا کہ ہانگ کانگ افراتفری سے نظم و نسق اورعظیم تر خوشحالی کی جانب منتقلی کے ایک نئے مرحلے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ کو مواقع اور چیلنجز دونوں کا سامنا ہے، لیکن چیلنجزکی نسبت مواقع کی تعداد زیادہ ہے۔انھو ں نے امید ظاہر کی ہے کہ ہانگ کانگ کے تمام لوگ بہتر زندگی کے حصول کے لیے مشترکہ طور پر ہم آہنگی اور استحکام کو برقرار رکھیں گے۔

ہانگ کانگ کو غیر مستحکم نہیں ہونا چاہیے اور وہ کسی افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ کی ترقی کے لیے کوئی وقت ضائع کیے بغیر ہر قسم کی رکاوٹوں کو دور کیا جانا چاہیے تاکہ ہانگ کانگ ترقی پر توجہ مرکوز رکھ سکے۔ شی جن پھنگ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مادر وطن کی مضبوط حمایت اور ایک ملک، دو نظام کے ٹھوس نفاذ سے ہانگ کانگ مزید عظیم کامیابیاں حاصل کرے گا۔انھوں نے کہا کہ ہانگ کانگ میںایک ملک، دو نظام کے عمل کی مسلسل کامیابی کو یقینی بناناچینی قوم کی عظیم تجدید کے تاریخی عمل کا ایک لازمی حصہ ہے۔

چینی صدر نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے ملک کے دوسرے صد سالہ مقصد کو حاصل کرنے کے نئے سفر پر، ہانگ کانگ، عظیم مادر وطن کی بھرپور حمایت اور ایک ملک، دو نظام کی پالیسی کے ٹھوس نفاذ کے ساتھ، یقینا اس سے بھی بڑی کامیابیاں حاصل کرے گا اورمادر وطن کے ساتھی ہم وطنوں کے ساتھ چینی قوم کی عظیم تجدید کی شان وشوکت میں شراکت دار ہوگا۔ ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر)کی چھٹی مدت کی حکومت عوام کی زندگیوں میں مشکلات کو دور کرنے کے لیے مزید وثر اقدامات اٹھائے گی۔صدرنے اس امیدکااظہار کیا ہے کہ ہانگ کانگ اپنی ترقی کی رفتارمیں استحکام کوجاری رکھے گا۔

چین کے صدر شی جن پھنگ نے ہانگ کانگ میں نوجوانوں کو مشکلات پر قابو پانے میں مدد دینے اور ان کی ترقی اور نکھار کیلئے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں مزید کوششوں پر زور دیا، شی نے خطاب میں کہاکہ ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کے انتظام کے اختیارات کو محب وطن لوگوں کے ہاتھ میں رکھنا ہانگ کانگ کے طویل مدتی استحکام اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button