قومی خبریں

سوشانت سنگھ راجپوت کے روم میٹ سدھارتھ پٹھانی کیلئے ریلیف، 403 دن بعد ملی ضمانت

ممبئی ، 4 جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بالی ووڈ کے مشہور منشیات کیس سے متعلق ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ منشیات کیس میں گرفتار سدھارتھ پٹھانی کو راحت مل گئی ہے۔ ممبئی ہائی کورٹ نے پیر کو اداکار کے روم میٹ سدھارتھ پٹھانی کو ضمانت دے دی ہے، جنہیں گزشتہ سال منشیات کے ایک معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا، جومہلوک اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد سرخیوں میں آیا تھا۔ کیس میں جسٹس بھارتی ڈانگرے نے 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت کا حکم دیا۔ غور طلب ہے کہ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد سدھارتھ کو گزشتہ سال 28 مئی کو منشیات کے معاملے میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے گرفتار کیا تھا۔سدھارتھ نے اس معاملے میں ضمانت کی پہلی تین اپیلیں مسترد ہونے کے بعد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

درخواست ایڈوکیٹ ادویت نے داخل کی تھی۔ اس درخواست میں پٹھانی کی جانب سے دلیل دی گئی تھی کہ ان کے خلاف ایسا کوئی ثبوت نہیں ہے جس سے یہ ثابت ہو کہ وہ منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔ ساتھ ہی این سی بی کی جانب سے یہ دلیل دی گئی کہ اس کے لیپ ٹاپ اور فون پر ویڈیو اور دیگر ثبوت موجود ہیں۔ اس کے ساتھ سوشانت سنگھ راجپوت کے بینک اکاؤنٹ سے ہونے والی بینک ٹرانزیکشن کا تعلق بھی منشیات کی خریداری سے ہے۔پٹھانی پر دیگر الزامات کے علاوہ نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس) ایکٹ کی دفعہ 27 اے (غیر قانونی ٹریفک اور مجرموں کو پناہ دینے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملہ میں پٹھانی نے اپنی ضمانت کی درخواست میں یہ بھی کہا کہ ان کیخلاف دفعہ 27A غلط طریقے سے لگائی گئی ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ بالی ووڈ کے مشہور اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے خودکشی کرلینے کے بعد این سی بی نے فلم انڈسٹری میں منشیات کے تعلق کی تحقیقات شروع کی تھی۔ اس معاملہ میں سوشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی اور ان کے بھائی شووک چکرورتی سمیت کئی لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس وقت زیادہ تر ملزمان ضمانت پر باہر ہیں۔ اس معاملہ میں شردھا کپور، سارہ علی خان، اننیا پانڈے، دیپیکاپاڈوکون، بھارتی سنگھ سمیت کئی بالی ووڈ اداکاروں کے نام سامنے آئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button