بین الاقوامی خبریں

سعودیہ نے عمرہ ادائیگی کے لیے ویزہ پراسس شروع کر دیا

ریاض، 14جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ سعودی حکام نے عمرہ کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور دنیا بھر سے ادائیگی عمرہ کے لیے آنے والوں کے لیے ہم چشم براہ ہیں۔ سعودی وزارت کے مطابق تمام ممالک سے عمرے کے لیے آنے کے خواہش مند مسلمان ویزے کے لیے آج 14 جولائی سے ہی متعلقہ سفارت خانوں میں درخواستیں دینا شروع کر سکتے ہیں، کیونکہ حج کے بعد عمرہ کا سیزن شروع ہونے میں اب کوئی تاخیر نہیں ہے ، سب تیاریاں مکمل ہیں۔اس بارے میں ایک جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرہ کی درخواستیں مملکت سعودیہ کے اندر اور باہر ہر جگہ وصول کی جائیں گی۔

عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے لوگوں کے قافلے یکم محرم 1444 سے آنا شروع ہو جائیں گے۔تحریری طور پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے اندر سے موصول ہونے والی درخواستوں پر عمرہ ادائیگی کے لیے خصوصی اجازت نامہ جاری کیا جائے گا۔ان لوگوں کے لیے جو حج اور عمرے کے سلسلے میں نجی طور پر کاروبار کرتے ہیں اور لوگوں کو اس سلسلے میں سہولت فراہم کرتے ہیں انہیں متوجہ کیا گیا ہے کہ وہ ایک حج یا عمرہ ایجنٹ کے طور پر خدمات کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے (https://umralicense.haj.gov.sa) کے ذریعے درخواستیں دے سکتے ہیں۔

حجاجِ کرام واپسی کے لیے مقررہ ضوابط پر عمل کریں: سعودی عرب

سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ نے حجاج کرام کو ہدایت کی ہے کہ واپسی کے لیے ایئرلائن کے ٹکٹ کنفرم کرائیں اور مقررہ سفری ضوابط پر عمل کریں تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت حج کی جانب سے حجاج کرام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر پرروانگی سے قبل سول ایوی ایشن کے قوانین سے متعلق معلومات حاصل کریں تاکہ ایئرپورٹ پر پہنچ کرکسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزارت حج وعمرہ کی ویب سائٹ پر اردو، عربی، انگلش فرنچ اور ملائیشن زبانوں میں حج امور سے متعلق آگاہی پروگرام بھی جاری کیا ہے، جس میں حجاج کرام کو حج وعمرہ کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے آب زمزم کے حوالے سے کہا کہ حجاج کی سہولت کے لیے زمزم کے مخصوص پیکنگ والے کین حج ٹرمنل کے علاوہ ایئرپورٹس پردستیاب ہیں اس لیے حجاج اپنے سامان میں پانی یا آب ز مزم کی بوتلیں نہ ڈالیں، علاوہ ازیں پلاسٹک کے بڑے تھیلوں میں بھی سامان نہ رکھیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button