بین الاقوامی خبریں

خلیجی ممالک سے2023 میں برطانیہ کاویزا فری سفر،آپ کو کیاجاننے کی ضرورت ہے؟

دبئی، 14جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)گذشتہ ماہ برطانیہ کے محکمہ داخلہ نے 2023 تک خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری سفرکا اعلان کیا تھا۔اس طرح وہ نئے الیکٹرانک سفری اجازت نامے (ای ٹی اے) کی ویزا اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے ابتدائی ممالک بن جائیں گے۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم ایک امیگریشن ماہرسے بات کی گئی، اور ان سے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ اس نئی ویزااسکیم میں کیا کچھ شامل ہوگا اور جی سی سی کے شہریوں کے لیے اس کا کیا مطلب ہوسکتا ہے؟پی آراو پارٹنر گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر( سی ای او) نذرموسیٰ نے کہاکہ متحدہ عرب امارات خطے میں برطانیہ کے اہم ترین تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔

گذشتہ سال دونوں ممالک نے مستقبل میں شراکت داری اور خودمختارسرمایہ کاری کے سمجھوتے پردستخط کیے تھے۔اس کے تحت متحدہ عرب امارات اور برطانیہ مختلف شعبوں میں اشتراک کو مستحکم کررہے ہیں اوربرقی سفری اجازت نامے (ای ٹی اے) کے نظام کے ذریعے یواے ای کو برطانیہ تک زیادہ رسائی دینے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔نئی اسکیم کے تحت جی سی سی کے رکن ملکوں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، عمان، کویت، قطر اور بحرین کے شہری 2023 تک برطانیہ کے ویزا فری سفر کے اہل ہوجائیں گے۔

اس کے بارے میں نذرموسیٰ کو توقع ہے کہ خلیجی شہری 2022 کے آخرتک اس ویزا اسکیم کے ذریعہ براہ راست سفرکرسکیں گے۔انھوں نے کہا کہ فی الوقت 2023 میں ای ٹی اے نظام متعارف ہونے سے قبل خلیجی ممالک کے شہری الیکٹرانک ویزا چھوٹ کا نظام استعمال کررہے ہیں جو برطانیہ کے سفر پر روانہ ہونے کی منصوبے سے قبل آن لائن مکمل ہو جاتا ہے۔البتہ ہرسفرکے لیے الیکٹرانک ویزاچھوٹ مکمل ہونی چاہیے۔ای ٹی اے نظام کو جی سی سی کے تمام شہریوں کی سفری ضروریات بشمول سیاحت، کاروبار یا تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ایک بارمنظوری کے بعد، ای ٹی اے ایک توسیعی مدت کے دوران میں برطانیہ کے متعدداسفارکے لیے کارآمد ہوگا، اگرچہ ابھی تک اس کے کارآمد ہونے کے نظام الاوقات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔توقع ہے کہ اس فیصلے سے برطانیہ اماراتیوں کے لیے ایک مضبوط سیاحتی مقام کے طور پرابھرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں بہتری آئے گی۔

محکمہ داخلہ کے اس فیصلے سے خلیجی ملک کے شہری بھی ویزاسہولت کے معاملے میں برطانیہ کے دیگر اہم شراکت داروں امریکا اور کینیڈا کے شہریوں کے ہم پلہ ہوجائیں گے۔ای ٹی اے اسکیم 2025 کے آخرتک مکمل طور پر ڈیجیٹل سرحد کے قیام سے متعلق برطانوی حکومت کے اقدام کا ایک اہم حصہ ہے۔اس کا اطلاق وسیع پیمانے پر برطانیہ میں آنے والے یا نقل وحمل کرنے والے ایسے مسافروں پرہوگا جنھیں فی الحال مختصر قیام کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں یا ان کے پاس برطانیہ کا کوئی دوسرا ویزا نہیں اور اب اس کومخصوص ممالک کے شہریوں تک بڑھایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button