
بائیڈن کا دورہ اہم، ہماری شراکت داری نے دنیا کے استحکام کو مضبوط کیا: شہزادی ریما
ریاض، 15جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) پولیٹیکو کی طرف سے شائع ہونے والے ایک آرٹیکل میں واشنگٹن میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کا دورہ سعودی عرب اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری سے عالمی استحکام میں اضافہ ہوا ہے۔شہزادی ریما نے لکھا کہ میرے وطن کے بانی شاہ عبدالعزیز نے صدر فرینکلن روزویلٹ سے جنگ کے بعد مشرق وسطیٰ کی بنیاد رکھنے کے لیے80 سال قبل ملاقات کی تھی۔ اس دن سے، ہمارے دونوں ممالک نے سوویت کمیونزم کو شکست دینے کے لیے مل کر کام کیا ہے۔
اس کے بعد سعودی عرب اور امریکا نے عالمی توانائی کی سلامتی،ایران کے انقلاب کے اثرات سے نمٹنے،صدام حسین کو کویت سے نکال باہرنکالنے اور حال ہی میں القاعدہ اور داعش کی بیخ کنی میں مل کر کام کیا۔انہوں نے مزید لکھا کہ لیکن موجودہ خطرناک حالات میں ابھی بھی بہت کچھ ہے جو ہمارے ممالک شراکت دار کے طور پر مل کر کر سکتے ہیں۔انہوں نے سعودی امریکی شراکت داری کو بھی فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر اس عظیم ترقی کے ساتھ جس کا سعودی عرب تجربہ کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کی ترقی وہی ہے جو بائیڈن کے آنے والے مملکت کے دورے کو بہت اہم بناتی ہے۔شہزادی ریما نے اس اہم اتحاد کے اگلے آٹھ عشروں کے پیرامیٹرز کو از سر نو متعین کرنے پر زور دیا۔اپنے مضمون میں انہوں نے لکھا کہ وہ دن جب امریکا – سعودی تعلقات کی تعریف تیل برائے سلامتی کے فرسودہ ماڈل سے کی جا سکتی تھی گزر چکے ہیں۔
اب دُنیا بدل چکی ہے اور ہم سب کو درپیش وجودی خطرات بہ شمول مشترکہ سلامتی، خوراک، توانائی، اور موسمیاتی تبدیلی سب کے میدان میں کام سعودی عرب اور امریکا کے اتحاد کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں خاص طور پر پچھلے کچھ سالوں میں ہونے والی بڑی تبدیلیوں نے دنیا کو متوجہ کیا ہے۔ سعودی عرب نہ صرف توانائی کے شعبے میں بلکہ سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی میں بھی، تعلیم، ٹیکنالوجی، اقتصادی تنوع اور گرین انرجی میں سیکڑوں ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ذریعے دنیا کو لیڈ کر رہا ہے۔



