قومی خبریں

پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے صحافی محمد زبیر کو دی ضمانت

نئی دہلی ، 15جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی کی ایک عدالت نے جمعہ کو آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو ضمانت دے دی ہے۔ان کے خلاف دہلی پولیس نے اپنے ٹویٹس کے ذریعے مذہبی گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے اور فارن کنٹری بیوشن (ریگولیشن) ایکٹ، 2010 (ایف سی آر اے) کی خلاف ورزی کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج دیویندر کمار جنگلا نے یہ حکم سنایا۔ یہ ضمانت انہیں 50 ہزارروپے کے ذاتی مچلکے کی ادائیگی کے بعد دی گئی ہے۔ عدالت نے جمعرات کو محمد زبیر کے وکیل ورندا گروور اور اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اتل شریواستو کی سماعت کے بعد ضمانت کی عرضی پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔

چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ نے ان کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے 2 جولائی2022 کو انہیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیجا تھا۔ اس کے بعد زبیر نے ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔اس پر ابتدائی طور پر تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 153 اے (مذہبی گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) اور 295 (کسی بھی طبقے کے مذہب کی توہین کے ارادے سے عبادت گاہ کو نقصان پہنچانا یا ناپاک کرنا) کے تحت جرائم کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اس کے بعد، غیر ملکی شراکت (ریگولیشن) ایکٹ، 2010 کی دفعہ 35 اور آئی پی سی کی دفعہ 201 (ثبوت کو تباہ کرنا) اور 120 (مجرمانہ سازش) کے تحت جرائم شامل کیے گئے۔زبیر کے خلاف مقدمہ ہنومان بھکت نامی ٹویٹر ہینڈل کی شکایت پر مبنی تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ محمد زبیر نے مبینہ طور پر جان بوجھ کر ہندو بھگوان کی توہین کرنے کے ارادے سے ایک قابل اعتراض تصویر ٹویٹ کی تھی۔

ان کے وکلاء کا کہنا ہے کہ ٹویٹ کی گئی تصویر 1983 کی فلم کسی سے نہ کہنا کا اسکرین شاٹ ہے۔زبیر کیخلاف اتر پردیش پولیس نے دو الگ الگ ایف آئی آر بھی درج کیا ہے۔ ان کے خلاف سیتا پور پولیس نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے ایک معاملے میں مقدمہ درج کیا تھا جس میں سپریم کورٹ نے 8 جولائی کو انہیں عبوری ضمانت دی تھی۔یوپی کے لکھیم پور کھیری ضلع میں درج ایک اور ایف آئی آر میں انہیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button