جرائم و حادثات

ویڈیو بناکر رقم کا مطالبہ کرنے والی لڑکی کے خلاف مقدمہ

حیدرآباد۔ 16 جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ویڈیو بناکر 5 ہزا روپے کا مطالبہ کرنے والی لڑکی کے خلاف پولیس ایس آر نگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ معاملہ فلم انڈسٹری سے تعلق رکھتا ہے۔ لڑکے کا شکایت گذار ہونا اس معاملہ میں تعجب کا سبب بنا ہوا ہے۔ جہاں لڑکے نے لڑکی کے خلاف شکایت کردی۔ عام طور پر لڑکیوں کے شکایت کے آئے دن واقعات منظر عام پر آتے ہیں۔ اس شکایت کے بعد ایس آر نگر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردیں۔

بتایا جاتا ہیکہ شکایت گذار راج کمار اور الزامات کا سامنا کررہی لڑکی لکشمی ایک ہی جگہ کام کرتے ہیں۔ دونوں فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔ گزشتہ روز لکشمی نے راج کمار کے فون پر ایک ویڈیو روانہ کیا جس میں راج کمار ایک لڑکی کے ساتھ خوشگوار انداز میں موجود ہے۔ اس ویڈیو کو روانہ کرنے کے بعد لکشمی نے راج کمار سے 5 ہزار روپے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دی۔ اس بات سے پریشان راج کمار نے فوری ایس آر نگر پولیس اسٹیشن کا رخ کرتے ہوئے شکایت درج کروائی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔

کلثوم پورہ میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل

حیدرآباد۔ 16 جولائی::(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کلثوم پورہ علاقہ میں ایک شوہرنے بیوی کا قتل کردیا۔ آج صبح پیش آئی اس قتل کی سنگین واردات کے بعد سنجے نگر ضیاء گوڑہ میں سنسنی پھیل گئی۔ کلثوم پورہ پولیس کے مطابق 30 سالہ ایم سریتا کا اس کے شوہر سنتوش کمار نے قتل کردیا۔ پولیس نے مقتولہ کے رشتہ داروں کی شکایت اور ابتدائی تحقیقات کے لئے بعد بتایا کہ آج صبح دونوں میاں بیوی میں بحث و تکرار ہوئی۔ سریتا نے گھر کے اخراجات کے لئے شوہر سنتوش کمار سے رقم طلب کی۔ اس بات پر برہم شوہر نے بیوی کو شدید زدوکوب کیا اور گلا گھوٹنے کے بعد چاقو سے حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا۔ ذرائع کے مطابق سریتا اور سنتوش کی شادی 10 سال قبل ہوئی تھی اور ان کی دو لڑکیاں 9 سالہ نویا اور 6 سالہ لڑکی نہاریکا ہیں۔ سنتوش کمار اکثر اس کی بیوی مقتولہ سریتا کے کردار پر شک کرتا تھا اور اس خاتون کو شدید زدوکوب کا نشانہ بناتا تھا۔ ہر آئے دن غیر مرد سے ناجائز تعلقات کے الزامات لگاتے ہوئے بیوی کو مارپیٹ کا نشانہ بنانا سنتوش کمار کی عادت بن گئی تھی۔ پولیس کلثوم پورہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔

انسٹاگرام کے ذریعہ دھوکہ لڑکیوں سے کروڑہا روپئے لوٹنے والا گرفتار

 تلنگانہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)انسٹاگرام کے ذریعہ لڑکیوں کو دھوکہ دیکر کروڑہا روپئے لوٹنے والے شاطر بدغماش کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ حیدرآباد سائبرکرائم پولیس نے ایک کارروائی میں ومشی کرشنا کو گرفتار کرلیا۔ پولیس تحقیقات میں پتہ چلا ہیکہ ومشی کرشنا تقریباً 60 لڑکیوں کو دھوکہ دیکر ان سے 4 کروڑ روپئے ہڑپ لیا۔ آندھراپردیش کے علاقہ راجہ مہندرا درم سے تعلق رکھنے والا ومشی کرشنا پٹنہ سے انجینئر ہے جو 2014ء میں حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور ایک ہوٹل میں ٹراویل کنسلٹنسی چلایا کرتا تھا۔ سال 2017ء میں اس نے اپنی محبوبہ کے ساتھ مل کر سازش تیار کی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمت کا جھانسہ دیکر 40 بیروزگار نوجوانوں سے تقریباً ایک کروڑ 80 لاکھ روپئے لوٹ لیا تھا۔ اس معاملہ میں سائبرآباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوا تھا اس کے خلاف رچہ کنڈہ پولیس کے علاوہ اے پی پولیس کے گوداوری، کرشنا، وشاکھاپٹنم اضلاع اور تلنگانہ کے نظام آباد، گدوال، کھمم اور کریم نگر میں مقدمہ درج کئے گئے۔

گذشتہ چند عرصہ سے دھوکہ دہی کا طریقہ بدلتے ہوئے اس نے سوشل میڈیا کا استعمال کیا اور انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ تیار کرتے ہوئے کئی لڑکیوں اور خواتین کو دھوکہ دے رہا تھا۔ 25 لاکھ گنوانے والی ایک لڑکی کی شکایت کے بعد سائبر کرائم حیدرآباد پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے اس شاطر کو گرفتار کرلیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button