سوشل میڈیا پر تصویر وائرل، صفائی کارکن نوکری سے برخواست
متھرا :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اترپردیش کے متھرا میں صفائی کا ایک کارکن اس وقت اپنی نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھا جب ایک وائرل ویڈیو میں اسے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی تصاویر کے ساتھ کچرے کی ایک گاڑی کو ڈھکیلتے ہوئے دکھایا گیا۔سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر ہونے والی اس ویڈیو میں اس شخص کو گاڑی کو ڈھکیلتے ہوئے دکھایا گیا جب کچھ لوگوں نے اسے وزیراعظم نریندر مودی، چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ اور سابق صدر اے پی جے عبدالکلام کی تصاویر کوڑے دان میں لے جانے کی طرف اشارہ کیا۔ویڈیو میں کچھ مردوں کو کچرے کی ٹوکری سے تصویریں نکال کر صفائی کارکن کا سامنا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
کارکن کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اسے یہ تصویریں کچرے میں ملیں اور اس طرح اس نے انہیں اپنی ٹوکری میں ڈال دیا۔ بعد میں ان افراد نے کوڑے کی ٹوکری سے تصویریں نکالیں اور قریبی نل کے پانی سے انہیں دھویا۔ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متھرا انتظامیہ نے صفائی کارکن کو نوکری سے برخواست کر دیا۔متھرا میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر ستیندر تیواری کے مطابق کچرے کی ٹوکری میں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی تصاویر ملنے کے معاملے میں لاپرواہی برتنے کے الزام میں ٹھیکیدار سویپر بوبی کی سرویس ختم کر دی گئی ہے۔ اس پر الزام ہیکہ اس نے کوڑے کی ٹوکری میں ڈالنے سے پہلے تصاویر کیوں نہیں دیکھی؟۔



