سی ایم بنگال ممتا بنرجی کا دو ٹوک موقف : قصوروار ثابت ہونے پر عمر قیدکی سزا دینے میں کوئی اعتراض نہیں
کولکاتہ ، 25 جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ٹی ایم سی کی سپریمو ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ پارتھا چٹرجی کی گرفتاری کے حوالے سے جو سچائی ہے ، وہ عوام کے سامنے آئے۔ بنرجی نے کہا کہ وہ بدعنوانی کی حمایت نہیں کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام لوگ ایک جیسے نہیں ہوتے۔ قابل ذکر ہے کہ ٹیچر بھرتی گھوٹالہ معاملہ میں ای ڈی نے ممتا حکومت کے کابینہ وزیر پارتھا چٹرجی کو گرفتار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ بنرجی نے کہا کہ سچائی پر مبنی فیصلہ ایک مقررہ وقت کی حد کے اندر دیا جانا چاہیے۔ اگر کوئی قصوروار پایا جاتا ہے تو مجھے اس سے کوئی اعتراض نہیں کہ اسے عمر قید کی سزا دی جائے۔
بھونیشور ایمس نے مغربی بنگال کے وزیر صنعت پارتھا چٹرجی کو آج چھٹی دینے کو کہا ہے۔ انہیں بنگال واپس لایا جائے گا۔ پارتھا کا میڈیکل بلیٹن جاری کرتے ہوئے ایمس نے کہا کہ ہم نے ان کا معائنہ کیا ہے۔ ہم نے ان کی تمام رپورٹس دیکھی ہیں۔ انہیں گردے اور تھائرائیڈ کے مسائل ہیں، وہ تقریباً تین سے چار بیماریوں میں مبتلا ہیں لیکن انہیں کوئی سنگین بیماری نہیں ہے۔ اسی لیے ہم انہیں چھٹی دے رہے ہیں۔ ایمس نے کہا کہ ہم نے رپورٹ عدالت کو بھیج دی ہے۔اس سے پہلے ایمس پہنچنے پر ڈاکٹروں کی ٹیم نے سب سے پہلے ان سے پوچھا کہ انہیں کیا مسئلہ ہے۔
اس کے بعد بلڈ پریشر کے چیک اپ کے بعد دوسرے ٹیسٹ کیے گئے۔ ایمس بھونیشور کے ڈاکٹر آشوتوش بسواس نے بتایا کہ پارتھ کے لیے چار رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔ ٹیم نے اس کی رپورٹ دیکھی۔ پارتھا چٹرجی کوطبی ٹیسٹنگ کے لیے اڈیشہ کے ایمس بھیجے جانے کے بعد ریاست میں سیاسی گرما گرمی بڑھ گئی ہے۔ ترنمول پر چاروں طرف سے حملے ہو رہے ہیں۔ یہاں تک کہا جا رہا ہے کہ پارتھ کو اتنے مہنگے جہاز سے بھونیشور کیوں بھیجا گیا؟ خیال رہے کہ انہیں ای ڈی نے ٹیچر بھرتی گھوٹالہ سے متعلق معاملہ میں گرفتار کیا تھا۔ جہاں گرفتاری کے چند گھنٹوں بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی۔
اس کے بعد انہیں کولکاتہ کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا۔واضح رہے کہ کلکتہ ہائی کورٹ نے اتوار کو ای ڈ ی کو ہدایت دی تھی کہ گرفتار مغربی بنگال کے وزیر پارتھا چٹرجی کو پیر کی صبح ایئر ایمبولینس کے ذریعے ایمس بھونیشور لے جایا جائے۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت دی تھی کہ وزیر کو پیر کی شام 4 بجے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کولکاتہ کی خصوصی ای ڈی عدالت میں پیش کیا جائے۔دوسری طرف ترنمول کانگریس نے چٹرجی کے خلاف ای ڈی کیس میں وقتی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی لیڈر نے کچھ غلط کیا ہے تو پارٹی سیاسی طور پر مداخلت نہیں کرے گی۔



