برلن، 27 جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جرمن ایئرلائن لفتھانزا Lufthansa کے جرمنی میں موجود ملازمین کی طرف سے ایک روزہ ہڑتال کے سبب اس ایئرلائن کی آج بدھ کے روز ایک ہزار سے زائد پرواز منسوخ ہو گئیں۔ یہ ہڑتال تنخواہوں میں اضافے کے لیے کی جا رہی ہے۔یورپ میں ہوائی سفر کے حوالے سے جاری مسائل میں آج بدھ 27 جولائی کو اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب لفتھانزا ایئرلائن کے جرمنی میں موجود زمینی اسٹاف نے ایک روزہ ہڑتال کے تحت کام روک دیا۔ اس وجہ سے نہ صرف ہزارہا مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ اس ایئرلائن کی ایک ہزار سے زائد پراوزیں منسوخ ہو گئیں۔
اس ہڑتال کے سبب 134,000 کے قریب مسافروں کو یا تو اپنا سفری پروگرام تبدیل کرنا پڑا یا پھر بالکل ہی منسوخ۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق 47 پروازیں تو منگل کو ہی منسوخ کر دی گئیں۔ لفتھانزا ایئرلائن کے بڑے مراکز فرینکفرٹ اور میونخ سب سے زیادہ متاثر ہیں جبکہ ڈوسلڈورف، ہیمبرگ برلن، بریمن، ہیننور، اشٹٹگارٹ اور کولون سے بھی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ایئرلائن نے متاثرہ مسافروں سے کہا ہے کہ وہ ایئرپورٹس پر نہ جائیں کیونکہ وہاں موجود زیادہ تر کاؤنٹرز پر اسٹاف موجود ہی نہیں ہے۔ لفتھانزا کے ترجمان مارٹن لوئٹکے نے اس ہڑتال پر تنقید کرتے ہوئے اسے نقصان دہ قرار دیا ہے۔
فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ”لوگ جو سفر کرنا چاہتے ہیں، جو طویل عرصہ قبل اپنی چھٹیاں ترتیب دے کر ان کا انتظار کر رہے تھے، ان کے چھٹیوں کے یہ خواب بدقسمتی سے مؤخر ہو گئے ہیں، یا شاید اس ہڑتال کی وجہ سے بالکل ہی برباد ہو گئے ہیں۔ لوئٹکے کا مزید کہنا تھا کہ یہ ہڑتال قطعاً غیر ضروری ہے اور اسے مکمل طور پر بڑھایا چڑھایا گیا ہے۔جرمنی کے معاشی حب فرینکفرٹ کے ایئرپورٹ سے آج بدھ کے روز 1,160 پروازیں شیڈول تھیں جن میں سے 725 کو منسوخ کر دیا گیا۔
ڈی پی اے کے مطابق دیگر ایسی ایئرلائنز کی پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں جو زمینی خدمات کے لیے لفتھانزا کے اسٹاف سے مدد لیتی ہیں۔ خود لفتھانزا کی طرف سے فرینکفرٹ ایئرپورٹ سے ہڑتال کے سبب پنی منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 646 بتائی گئی ہے۔مزدور یونین ویرڈی کی طرف سیاس ہڑتال کا اعلان پیر 25 جولائی کو کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد لفتھانزا ایئرلائن سے وابستہ لاجیسٹیکل، ٹیکنیکل اور کارگو کے شعبوں میں کام کرنے والے 20 ہزار سے زائد ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔
ویرڈی کا مطلبہ ہے کہ رواں برس لفتھانزا کے گراؤنڈ اسٹاف کی تنخواہوں میں 9.5 فیصد کا اضافہ کیا جائے۔یہ ہڑتال ایک ایسے موقع پر کی گئی ہے جب جرمنی اور یورپ بھر کے دیگر ایئرپورٹس کو پہلے ہی اسٹاف کی کمی کا سامنا ہے اور اسی وجہ سے چیک ان کاؤنٹرز اور سکیورٹی چیکنگ کے لیے مسافروں کی طویل قطاریں موجود رہتی ہیں۔ ساتھ ہی کووڈ کی وبا کے خاتمے کے بعد لوگوں کی طرف سے فضائی سفر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔دوسری طرف افراط زر بڑھنے کے سبب فرانس اور اسکنڈے نیوین ممالک کے ایئرلائن پائلٹس اور ایئرپورٹ اسٹاف کی طرف سے بھی ہڑتالوں کا سلسلہ دیکھا جا رہا ہے جو یورپ بھر میں فضائی سفر کے حوالے سے پیدا شدہ بحران میں مزید اضافے کا سبب بنا ہے۔



