یہ کورسیس ممبئی یونیورسٹی (گروارے انسٹی ٹیوٹ) کے ڈپلوما کورسیس جو پروفیشنل مہارت کے حامل ہیں
موجودہ دور میں اضافی قابلیت کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ بارہویں اور گریجویشن کامیاب کرنے کے بعد ہمارے ایسے طلبہ جو مختلف کارپوریٹ کمپنیوں میں ملازمت کرتے ہیں وہ انڈسٹری یا کمپنی کی ضرورت کی مطابق اگر متعلقہ ڈپلوما یا پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما کرلیں تو ان کی مہارت اور قابلیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے۔ ایسا ہی ایک ادارہ ممبئی یونیورسٹی کالینا کیمپس میں واقع گروارے انسٹی ٹیوٹ آف کرئیر ایجوکیشن اینڈ ڈیویلپمنٹ ہے ۔ جہاں کئی کارآمد اور مفید ڈپلوما اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما کورسیس جاری ہیں ۔ اہم بات یہ ہے کہ ان کورسیس کے سرٹیفکیٹ اور ڈگری ممبئی یونیورسٹی تفویض کرتی ہے اور طلبہ اپنی ریگولر ڈگری اور ملازمت کے ساتھ بھی ان کورسیس کو کرسکتے ہیں۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان ٹورزم اینڈ ٹراول انڈسٹری منیجمنٹ : یہ ایک فل ٹائم پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما کورس ہے جس کی مدت اٹھارہ مہینے (تین سیمسٹر)ہے ۔ کسی بھی فیکلٹی سے گریجویٹ طلبہ اس میں داخلہ لے سکتے ہیں داخلہ انسٹی ٹیوٹ کے تحریری انٹرنس ٹیسٹ کی بنیا دپر ہوتا ہے۔ مکمل فیس تقریباً پینسٹھ ہزار روپئے جبکہ کل ساٹھ نشستیں ہیں۔ ایسے طلبہ جو ٹراول اینڈ ٹورزم کمپنیوں میں باوقار ملازمت کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ کورس انتہائی مفید ہے۔
٭ ڈپلوما ان کسٹم کلیرنس اینڈفریٹ فارورڈنگ : درآمد و برآمد (امپورٹ و ایکسپورٹ ) کے کاروبار میں دستاویزات کی تیاری اور اور بندرگاہ سے اشیاء کمپنی کے گودام تک پہنچانے میں کلیرنگ اینڈ فارورڈنگ ایجنٹ کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے اور بین الاقوامی تجارت کی ترقی کے پیش نظر اس شعبے میں روزگار کے مواقع بین الاقوامی سطح پر بڑھتے جارہے ہیں۔ بارہویں کامیاب طلبہ اس کورس میں داخلہ لے سکتے ہیں اٹھارہ مہینوں (تین سیمسٹر ) پر مشتمل اس کورس کی مکمل فیس ساٹھ ہزار روپئے اور اسی (۸۰) نشستیں ہیں۔
٭ ڈپلوما ان انٹیرئیر ڈیزائن : رئیل اسٹیٹ کی ترقی ، بہتر لائف اسٹائل اور مکان و دوکان کو بہتر طریقے سے پیش کرنے کے لیے جن افراد کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ان میں انٹیریر ڈیزائنر ایک اہم شخص ہے۔ تین سال (چھ سیمسٹر) پر محیط یہ کورسیس بارہویں کامیاب طلبہ کے لیے ہے جس میں داخلہ تحریری امتحان اور انٹرویو کی بنیاد پر ہوتا ہے کل نشستیں ساٹھ ہیں اورمکمل کورس کی فیس نوے ہزار روپئے ہے۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان ماس میڈیا اینڈ جرنلزم (ہندی/انگریزی ) : میڈیا اور جرنلزم کی اہمیت سے کسی کو بھی انکار نہیں ہے ۔ کسی بھی فیکلٹی سے گریجویشن کامیاب طلبہ اس ایک سالہ پی جی ڈپلوما میں داخلہ لے سکتے ہیں یہ ایک جز وقتی کورس ہے جس کا میڈیم ہندی /انگریزی اور کورس کی فیس تیس ہزار روپئے ہے۔ کل پچاس نشستوں پر داخلہ تحریری ٹیسٹ اور انٹرویو کی بنیاد پر ہوتا ہے ۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان لاجسٹکس اینڈ سپلائی چین منیجمنٹ : اشیاء کو گودام میں محفوظ رکھنا اور صارفین کی مانگ کے مطابق ان کی بازار میں رسد فراہم کرنا ایک اہم تجارتی کام ہے۔ موجودہ دور میں صنعتوں میں سال بھر اشیاء کی پیداوار اور ان کی سپلائی کی جاتی ہے یہ کورس اس شعبے میں کرئیر کے خواہشمند طلبہ کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے ۔ کسی بھی یونیورسٹی سے گریجویشن کامیاب طلبہ دو سال پر مشتمل اس جز وقتی کورس میں تحریری امتحان اور پرسنل انٹرویو میں کامیابی کی بناء پر داخلہ لے سکتے ہیں کل ساٹھ نشستیں ہیں اور کورس کی مکمل فیس سترہزار روپئے ہے۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان ہاسپیٹل ایڈمنسٹریشن : موجودہ دور میں ہاسپیٹل میں کل وقتی ایڈمنسٹریٹر کا تقرر ایک عام بات ہے جو اسپتال کے نظم کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ ویسے تو کوئی بھی گریجویٹ یہ کورس کرسکتا ہے لیکن ادارہ ایم بی بی ایس، فارمیسسٹ، بی ایس سی و ایم ایس سی ، بی ایچ ایم ایس ، بی یو ایم ایس، بی اے ایم ایس ڈاکٹرس کو اس کورس کے لیے ترجیح دیتا ہے۔ ایک سال پر محیط اس کل وقتی کورس کی فیس ساٹھ ہزار روپئے ہے جبکہ کل ساٹھ نشستیں مختص ہیں۔ ہمارے ایسے طلبہ جنھوں نے بی یو ایم ایس ، بی ایچ ایم ایس یا فارمیسی کا کورس مکمل کیا ہے اور بطور آر ایم او (ریسیڈنٹ میڈکل آفیسر) کے طور پر کام کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے اس کورس کی تکمیل پر بڑے مواقع ہیں۔ مزید اپنے طور پر ذاتی ہاسپیٹل کے نظم و نسق میں یہ کورس معاون ہوگا۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان فارما منجمنٹ : یہ کورس سائنس گریجویٹس کے لیے ہے اور ایسے طلبہ جنھوں نے بی ایس سی اور ڈی فارمیسی یا بی فارمیسی کیا ہو وہ اس کورس میں داخلہ لے کر فارما منیجمنٹ میں اپنا کرئیر بنا سکتے ہیں۔ موجودہ دور میں میڈیکل شعبے میں دوائوں کی کمپنیوں میں ایسے اسپیشلائزڈ کورسیس کے حامل افراد کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ ایک سالہ کل وقتی اس کورس کی فیس پینسٹھ ہزار روپئے ہے جبکہ کل ساٹھ نشستوں پر داخلے کے لیے طلبہ کو تحریری ٹیسٹ اور پرسنل انٹرویو دینا ہوتا ہے۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان ایگری بزنس منیجمنٹ : ایسے طلبہ جنھیں اگریکلچر، فوڈ پروسیسنگ ، ڈیری بزنس ، فشیریز، ہارٹی کلچر وغیرہ سے دلچسپی ہے اور جنھوں نے بی ایس سی (اگریکلچر) یا بی ای / بی ٹیک (فارم انجینیئرنگ اور ڈیری ٹیکنالوجی )میں کیا ہووہ اس دوسالہ کل وقتی کورس میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ جس کی کل فیس تقریباًاکیانوے ہزار روپئے ہے۔ اس کورس کے لیے کل ایک سو بیس نشستیں مختص ہیں۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان انوائرنمینٹل پولیوشن کنٹرول ٹیکنالوجی : دیڑھ سال (تین سیمسٹر) پر مشتمل اس کورس کے لیے اہلیت بی ایس سی یا پھر بی ٹیک / بی ای (انجینئرنگ و ٹیکنالوجی ) ہے۔ اس کورس کی مکمل فیس پچہتر ہزار روپئے ہے۔ جبکہ صرف تیس نشستیں مختص ہیں۔ موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی آلودگی کی بناء پر اس طرح کے کورسیس کی بین الاقوامی سطح پر مانگ بڑھتی جارہی ہے۔ سائنس و انجینئرنگ گریجویٹس مختلف صنعتوں بالخصوص ترقی یافتہ ممالک میں اس کورس کی بناء پر اچھی جاب حاصل کرسکتے ہیں۔
٭ ڈپلوما ان فارین ٹریڈ مینیجمنٹ : تین سیمسٹر (اٹھارہ مہینوں) پر مشتمل اس کورس کی فیس چالیس ہزار روپئے ہے۔بارہویں کامیاب ایسے طلبہ جنھیں بالخصوص کاروبار اور انتظامیہ، کامرس سے دلچسپی ہے وہ اس کورس کو مکمل کرکے اپنا کرئیر بنا سکتے ہیں۔ عالمگیریت (گلوبلائزیشن) کے اس دور میں تمام ممالک ایک دوسرے سے کاروباری تعلقات استوار کرتے ہیں اور بین الاقوامی تجارت میں مختلف دستاویزات کی تیاری ، اشیاء کو برآمد اور درآمد کرنے کے لوازمات اس کورس میں سکھائے جاتے ہیں۔ اچھی کمپنی میں جاب مل جائے تو بیرونی ملک سفر بھی کرنے کا موقع ملتا ہے۔ ملازمت کے ساتھ اگر مختلف ممالک کی سیر و تفریح میں دلچسپی رکھنے والے طلباء کے لیے یہ کورس انتہائی مفید ہے۔ اس کورس کے لیے پچاس نشستیں مختص ہیں۔
٭ بی ایس سی ان ایویشن وِتھ کمرشیل پائلیٹ ٹریننگ : انسٹی ٹیوٹ اس کورس کو بامبے فلائنگ کلب کے اشتراک سے چلاتا ہے۔ بارہویں سائنس (انگلش، میتھس، فزکس) سے کامیاب طلبہ اس میں داخلے کے اہل ہیں۔ اس کے علاوہ آئی ٹی، کمپیوٹر سائنس، سول، میکانیکل ، الیکٹرونکس ، الیکٹریکل ، میکانیکل انجینئرنگ ڈپلوما ہولڈر س(دسویں کے بعد تین سال) بھی اس کورس میں داخلے کے اہل ہیں۔ تین سال پر مشتمل اس کورس میں کمرشیل پائلیٹ کا لائسنس رکھنے والے طلبہ کو براہ راست دوسرے سال میں بھی داخلہ ملتا ہے۔ چھ سیمسٹر پر مشتمل اس کورس کی ٹیوشن فیس دو لاکھ چالیس ہزار روپئے ہے۔
دیگر کورسیس و چند اہم باتیں : اوپر بیان کیے گئے کورسیس کے علاوہ بھی انسٹی ٹیوٹ میں کئی کورسیس جاری ہیں۔ جن میں جیویلری میکنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فلم میکنگ، بزنس مینیجمنٹ ، سافٹ وئیر ٹیسٹنگ، میڈیا منیجمنٹ ، ریٹیل منیجمنٹ ، اسپورٹس منیجمنٹ وغیرہ ۔ گروارے انسٹی ٹیوٹ میں کچھ کورسیس ڈپلوما سطح کے ہیں جن کے لیے تعلیمی قابلیت بارہویں کامیاب جبکہ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما کورسیس کے لیے اہلیت گریجویٹ ہونا ضروری ہے۔ چند کورسیس کے لیے سائنس فیکلٹی سے بارہویں یا گریجویشن ضروری ہے جبکہ زیادہ تر کورسیس کے لیے فیکلٹی کی کوئی قید نہیں ہے۔ ان میں سے چند کورسیس کل وقتی (فل ٹائم) اور چند کورسیس جز وقتی(پارٹ ٹائم) ہیں۔
عموماً پارٹ ٹائم کورسیس کی کلاسیس شام میں بھی چلتی ہیں اس لیے ایسے کورسیس برسرِ روزگار افراد کے لیے انتہائی مفید ہیں تاکہ وہ روزگار کے ساتھ اپنی فیلڈ میں اسپیشلائزڈ ہو سکیں۔ کئی کورسیس کے لیے انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے منعقدہ انٹرنس ٹیسٹ میں شریک ہونا اور پرسنل انٹرویو دینا لازمی ہے۔بیان کی گئی فیس ٹیوشن فیس ہے اس کے علاوہ بھی کچھ فیس ہوسکتی ہے۔ طلبہ مزید معلومات کے لیے ممبئی یونیورسٹی ، کالینا ، سانتا کروز کیمپس ، ممبئی میں گروارے انسٹی ٹیوٹ میں رابطہ کرسکتے ہیں۔
http://gicededu.co.in/



