بجرنگ دل کے مبینہ کارکنوں کا معمولی بحث و تکرار کے بعد حملہ
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملک میں ہجومی تشدد کے ذریعہ مسلم نوجوانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں فرقہ پرست طاقتیں مختلف عنوانات سے مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا بہانہ تلاش کررہی ہیں تاکہ کشیدگی کا ماحول پیدا کرتے ہوئے ہندو ووٹ بینک مستحکم کیا جائے۔ بی جے پی زیر اقتدار کرناٹک میں حالیہ عرصہ میں لوجہاد، حجاب اور تبدیلی مذہب کے علاوہ ٹیپو سلطان کے نام پر ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی جاچکی ہے۔ کرناٹک کے ایک گاؤں میں ہجومی تشدد کی طرز پر ایک مسلم نوجوان کو ہلاک کردیا گیا۔ 19 سالہ محمد مسعود جسے 19 جولائی کو 8 حملہ آوروں نے زخمی کردیا تھا علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکا۔ یہ واقعہ سلیا کے کالنجہ موضع میں پیش آیا تھا۔
مسعود کے سر پر کانچ کی بوتلوں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجہ میں وہ بری طرح زخمی ہوگیا تھا۔ مسعود کو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں جمعرات کو وہ جانبر نہ ہوسکا۔ بیلاری پولیس نے حملہ آوروں کی شناخت کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔ ابھیلاش، سنیل، سدھیر ، شیوا ، رنجیت ، سداشیوا، جے رنجیت اور بھاسکر کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ مسعود کی موت کے بعد 8 ملزمین پر قتل کی دفعات دائر کی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تمام ملزمین بجرنگ دل سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے ایک معمولی تنازعہ پر منصوبہ بند انداز میں مسعود پر حملہ کیا۔



