انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی 13 ٹیمیں حیدرآباد پہونچ گئیں-فلمی ستاروں و بیلی ڈانسرس کے ساتھ موج مستی پر 25 کروڑ خرچ کئے گئے
پانچ بیرونی ممالک میں ریاکٹ ۔ سیاسی لیڈروں کی نیندیں حرام ۔ پیر سے حاضری کیلئے نوٹس
حیدرآباد 30 جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) جوئے خانوں کا ریاکٹ تلگو ریاستوں میں موضوع بحث بن گیا ۔ اس معاملے میں ای ڈی کی مداخلت کے بعد سیاسی قائدین ، فلمی ستاروں اور تاجرین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں ۔ ای ڈی نے 7 افراد کو نوٹس دے کر پیر کو جانچ پڑتال کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی ۔ ای ڈی کو شبہ ہے کہ حوالہ کے ذریعہ کروڑہا روپئے کی ہیرا پھیری ہوئی ہے ۔ تمام ثبوتوں کا احتیاط سے جائزہ لیتے ہوئے دوسروں کو نوٹس پر غور کیا جارہا ہے ۔ ای ڈی نے پہلے ہی چیکوٹی پروین اور مادھو ریڈی کو نوٹس دیا تھا ۔ اسکے علاوہ سمپت و حوالہ ایجنٹس کو بھی نوٹس جاری کی گئی ۔ چیکوٹی پروین اور مادھو ریڈی کے بینک کھاتوں میں 25 کروڑ روپئے لین دین کی نشاندہی کی گئی ہے ۔
ساتھ ہی دونوں کے بینک اکاونٹس سے سیاسی قائدین ، اعلیٰ عہدیدار اور فلمی ستاروں کو رقم منتقلی کا انکشاف ہوا ہے ۔ ای ڈی عہدیداروں کی جانب سے جتنی گہرائی سے تحقیقات کی جارہی ہیں اتنے ہی حیرت انگیز حقائق منظر عام پر آرہے ہیں ۔ گذشتہ 7 ماہ کے دوران 7 ممالک میں جوئے خانوں میں بڑے پیمانے پر جوے کھیلنے کے انکشافات ہوئے ہیں ۔ بالخصوص سری لنکا ، انڈونیشیا ، نیپال ، سنگاپور اور تھائی لینڈ میں جوئے کا انتظام کیا گیا ہے تاحال 1000 سے زائد لوگوں کو خصوصی طیاروں کے ذریعہ ان ممالک کو پہونچانے اور واپس لانے کا پتہ چلا ۔ وہاں جیتی گئی رقم کو حوالہ کے ذریعہ منتقل کرنے کے شبہات کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ بیگم بازار اور جوبلی ہلز کے دو حوالہ ایجنٹس کی خدمات سے استفادہ کیا گیا ہے ۔
20 سیاسی قائدین اور 10 فلمی ستاروں کو نوٹس جاری کرنے اور انہیں پوچھ تاچھ کیلئے طلب کرنے ثبوت اکٹھا کیا جارہا ہے ۔ چیکوٹی پروین کے فون اور لیاپ ٹاپ کی تفصیلات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ سیاستدان ، تاجرین اور فلمی ستاروں سے واٹس اپ پر جو چیٹنگ ہوئی اس کی جانچ کیلئے سائبر ماہرین کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ بیرونی ممالک کے چار بینک کھاتوں کی بھی نشاندہی ہوئی ۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ چیکوٹی پروین جوا کھیلنے والوں سے کروڑہا روپئے وصول کرکے بیرونی ممالک میں انہیں ڈالر کی شکل میں لوٹاتا تھا اور اس کے حیدرآباد میں 20 ایجنٹس ہونے کا بھی پتہ چلا ہے ۔
اس کے علاوہ ممبئی ، چینائی ، بنگلور ، وجئے واڑہ ، گنٹور و دیگر شہروں میں بھی اس کے ایجنٹس ہیں ۔ چیکوٹی پروین کے گھر اور دفتر میں ای ڈی دھاوے کے بعد یہ لوگ اپنے فون بند کرکے روپوش ہوگئے ہیں ۔ سری لنکا میں معاشی بحران کے باوجود جوا جاری ہے ۔ جاریہ ماہ 8 تا 10 اور 15 تا 17 جولائی کولمبو میں تلگو ریاستوں کی اہم شخصیتوں نے حصہ لیا ہے ۔ 8 جولائی کو اداکارہ سونیا بنسل ، 9 جولائی کو اداکار آفتاب شیواداسانی ، 10 جولائی کو مونی رائے نے جلوے بکھیرے ہیں ۔
اس طرح 15 تا 17 جولائی فیشن فیسٹیول میں بیرونی ممالک کی ماڈلس نے بیلی ڈانس سے مدہوش کیا ہے ۔ اس کی بھی تمام تفصیلات کا ای ڈی کی جانب سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ جون میں چیکوٹی پروین کی سالگرہ تقریب میں 5 کروڑ خرچ کئے گئے ۔ تقریب میں شریک وزراء ارکان اسمبلی اور دیگر کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں ۔ وزراء سے چیکوٹی پروین کے تعلقات کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ گاہکوں کیلئے کال گرلز کے انتظام کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی ہر سال چار تا چھ جوئے خانوں میں ایونٹس ہر ملک میں اہتمام کرنے اور ہر ٹیبل پر کم از کم 3 کروڑ روپئے کا جوا کھیلنے کی بھی اطلاعات منظر عام پر آرہی ہیں



