بین الاقوامی خبریں

تھائی لینڈ:نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 13 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

بنکاک، 5 اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دارالحکومت بینکاک سے جنوب مشرق میں واقع چونبوری صوبے میں جمعے کی اولین ساعتوں میں ایک نائٹ کلب میں آگ لگنے سے کم از کم 13 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام متاثرین تھائی شہری تھے۔تھائی لینڈ کے وزیر اعظم پرایوتھ چان اوچھا نے تمام متاثرہ کنبوں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں تمام تفریحی مقامات اور عمارتوں میں ہنگامی باہر نکلنے کے دروازوں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔چونبوری صوبے کے ایک اعلیٰ پولیس اہلکار ووٹی پونگ سوم ژئی نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ یہ سانحہ دارالحکومت بینکاک سے تقریبا ً150 کلومیٹر دور سٹاہپ ضلعے میں ماونٹین بی نامی نائٹ کلب میں پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ آگ صبح تقریباً ایک بجے لگی۔ آگ لگنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے۔امدادی عملے کی طرف سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نائٹ کلب میں جشن منانے والے افراد چیختے چلاتے اور بدحواس حالت میں کلب سے باہر بھاگ رہے ہیں۔ ان کے کپڑوں میں آگ لگی ہوئی تھی جب کہ پس منظر میں بھی آگ کے شعلے اٹھتے دیکھے جاسکتے ہیں۔فائر بریگیڈ محکمہ کا کہنا ہے کہ کلب کی دیواروں پر فوم چپکے ہوئے تھے، جو بہت جلد آگ پکڑ لیتے ہیں۔ اس کی وجہ سے آگ کافی تیزی سے پھیل گئی اور فائر فائٹرز کو اس پر قابو پانے میں تین گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فائر بریگیڈ محکمہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں چار خواتین اور نو مرد ہیں۔ ان کی لاشیں بری طرح جل گئی تھیں اور یہ انتہائی بھیڑ بھاڑ والے داخلی دروازے اور باتھ روم میں پائی گئیں۔تھائی حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد کی شناخت ہوگئی ہے اور وہ سب تھائی شہری تھے۔پولیس کے ایک اعلیٰ اہلکار کرنل بون سونگ ینگ یونگ نے اے ایف پی کو فون پر بتایا کہ اس حادثے میں کوئی غیر ملکی ہلاک نہیں ہوا ہے۔تھائی لینڈ میں بالخصوص بے شمار شراب خانوں اور نائٹ کلبوں میں صحت اور حفاظتی ضابطوں کا خیال نہیں رکھا جاتا ہے، جس پر ایک عرصے سے تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

سن 2009 میں بینکاک کے خوبصورت سانتیکا کلب میں سال نو کا جشن منانے کے لیے منعقد پارٹی کے دوران بھیانک آگ لگ گئی تھی جس میں 67 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔سانتیکا کے مالک کو تین برس کی جیل کی سزا ہوئی تھی۔ آگ اس وقت لگی تھی جب برن نامی راک بینڈ نے اسٹیج پر آتش بازی شروع کی۔سن 2012 میں بھی بینکاک میں آتش زدگی کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ غیر ملکی سیاحوں میں مقبول پھوکیت جزیرے کے ایک کلب میں بجلی سپلائی میں گڑبڑی کے سبب آگ لگ جانے سے کم از کم چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button