
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) جہیز نہ لانے پر سسرالیوں نے مبینہ طور پرلڑکی کو تیسری منزل سے دھکا دے کر قتل کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دارالحکومت دہلی کے شمالی علاقہ میں 21سالہ لڑکی گھر کی تیسری منزل سے گر کر ہلاک ہوئی، جس پر لڑکی کے والدین نے سسرال والوں پر جہیز کے معاملے پر ہراساں کرنے اور تیسری منزل سے دھکا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ مقتولہ کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ لڑکی سسرال میں مردہ پائی گئی، جس پر پولیس نے تفتیش کرتے ہوئے شوہر، نند اور ساس کو گرفتار کرلیا۔
تینوں ملزمان کو لڑکی کو مبینہ طور پر جہیز کے معاملے پر ہراساں کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق لڑکی کی والدہ پولیس اسٹیشن گئیں اور ڈیوٹی افسر کو متاثرہ لڑکی اور ان کی نندوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے متعلق آگاہ کیا، دریں اثنا لڑکی کے شوہر نے لڑکی کی والدہ کو اطلاع دی کہ ان کی بیٹی تیسری منزل سے گِر گئی ہے۔ پولیس کا کہنا تھا ہم لڑکی کی والدہ کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور دیکھا کہ متاثرہ لڑکی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔



