ناگپور، 14اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ ہم ہندوستان کو تبھی اکھنڈ بنا سکتے ہیں کہ ہم ڈرنا چھوڑ دیں گے۔ موہن بھاگوت مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو عظیم بنانا ہے تو ڈرنا چھوڑنا ہوگا۔ نیز ہم اہنسا (عدم تشدد) کے پجاری ہیں دربلتا (کمزوری) کے نہیں۔موہن بھاگوت نے کہا کہ تنوع کو سنبھالنے کے سلسلے میں پوری دنیا ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔
جب بات تنوع کو مؤثر طریقے سے سنبھالنے کی ہوتی ہے تو پوری دنیا ہندوستان کی جانب اشارہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دنیا تضادات سے بھری پڑی ہے لیکن اسے صرف بھارت ہی سنبھال سکتا ہے۔موہن بھاگوت نے مزید کہا کہ اگر ہندوستان کو عظیم بنانا ہے تو ہمیں ڈرنا چھوڑنا ہوگا۔
جب ہم ڈرنا چھوڑ دیں گے تو ہندوستان متحد ہو جائے گا۔ ہم عدم تشدد کے پجاری ضرور ہیں لیکن کمزوری کے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان زبان، لباس اور ثقافت کے چھوٹے چھوٹے اختلافات ہیں اور ہمیں ان چیزوں میں نہیں پھنسنا چاہیے۔ ملک کی تمام زبانیں قومی زبانیں ہیں اور تمام ذاتوں کے لوگ میری اپنی ہیں، ہمیں ایسی محبت برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
موہن بھاگوت نے مزید کہا کہ ایسے بہت سے تاریخی واقعات رونما ہوئے ہیں جو ہمیں کبھی نہیں بتائے گئے اور نہ ہی انہیں صحیح طریقے سے سکھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جس جگہ سنسکرت گرامر نے جنم لیا وہ ہندوستان میں ہی نہیں ہے۔ کیا ہم نے کبھی اس بارے میں سوال کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی اپنا علم بھول چکے تھے، بعد میں غیر ملکی حملہ آوروں نے ہماری زمینوں پر قبضہ کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات پیدا کرنے کے لیے بلاوجہ کی ذات پات کی خلیج پیدا کی گئی۔



