بین الاقوامی خبریں

مصر کے چرچ میں آگ بھڑکنے سے کم از کم 41 افراد ہلاک

قاہرہ، 15اگست :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مصر میں الجیزہ کے ایک مقامی چرچ میں لگنے والی آگ سے 41 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ جب کہ وزارت صحت نے کم از کم 55 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ قبطی چرچ نے ہلاکتوں کی تعداد کی اطلاع دیتے ہوئے صحت کے حکام کا حوالہ دیا اور کہا کہ آگ اس وقت لگی جب عبادت جاری تھی۔قبطی چرچ کے ترجمان نے بتایا کہ حادثے میں چرچ کے پادری کی موت ہو گئی ہے۔اس واقعے کے بعد مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے تعزیت کے لیے قبطی عیسائی پوپ توادروس دوم کے ساتھ بھی فون پر بات کی۔آتشزدگی کے واقعے کے بعد آگ بجھانے والی 15 گاڑیاں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں جب کہ ایمبولینسوں نے زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں پہنچایا۔

وزارت صحت کے ترجمان حسام عبدالغفار نے سرکاری خبر رساں ویب سائٹ ’احرام‘ کو بتایا کہ کم از کم 30 ایمبولینسوں نے زخمیوں کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔‘رپورٹ کے مطابق زخمیوں کو امبابہ جنرل ہسپتال اور العجوزہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ یہ آگ امبابہ کے گنجان آباد محلے میں ابوسفین چرچ میں لگی۔تاہم فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

پولیس نے کہا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کی اطلاعات ہیں۔جنرل عبدالفتاح السیسی نے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ وہ ’افسوسناک حادثے‘ کے بعد کی صورتحال کو قریب سے دیکھ رہے ہیں اور انہوں نے تمام متعلقہ ریاستی اداروں کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔مصری صدر نے کہا کہ ’میں بے گناہ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت پیش کرتا ہوں۔


قاہرہ کے چرچ میں آگ: مسلمان نوجوان نے خود زخمی ہو کر متعددعیسائیوں کو بچایا

قاہرہ، 15اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ایک مسلمان نوجوان نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے گرجا گھر میں لگی آگ میں پھنسے متعدد لوگوں کو باہر نکالا اور اس کوشش میں خود زخمی ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق نوجوان محمد یحییٰ ابو مروان نے جن لوگوں کو آگ سے بچایا ان میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔امدادی کام کے دوران ابومروان کی پاؤں کی ہڈی ٹوٹ گئی اور اب ہسپتال میں ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وہ گرجا گھر کے قریب ہی رہتے ہیں، وقوعہ کے روز وہ اپنے گھر سے نکلے تو دیکھا گرجا گھر میں ہولناک آگ لگی ہوئی اور اندر سے لوگ ’بچاؤ بچاؤ‘ کی صدائیں لگا رہے ہیں۔ان کے مطابق یہ منظر دیکھتے ہی وہ جان کی پروا کیے بغیر آگ میں کود پڑا اور پھنسے لوگوں کو بچانے کی کوشش کرنے لگا۔

عینی شاہدین نے کہا ہے کہ نوجوان محمد ابو مروان نے پانچ بچوں کو گرجا گھر سے باہر نکالا ہے ،جبکہ متعدد مرد اور خواتین کی نکلنے میں مدد کی ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ میں محصور ایک بزرگ کو جب نکالنے گئے تو اٹھاتے وقت وہ پھسل گئے اور پیر میں شدید زخم لگ گئے۔دوسری طرف امبابہ ہسپتال کی طبی ٹیم نے کہا ہے کہ محمد کا پیر ٹوٹ گیا ہے اور اور ہڈی جڑنے کے لیے دو ماہ کا عرصہ درکار ہے۔واضح رہے کہ قاہرہ کے گرجا گھر میں آگ لگنے سے 41 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔انتظامیہ نے کہا ہے کہ آتشزدگی بجلی میں مسئلہ پیدا ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button