نئی دہلی، 15اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہندوستان نے آج (15 اگست 2022) کو اپنی آزادی کے 75 سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس موقع پر اسپیس کڈز انڈیا نے زمین سے تقریباً 30 کلومیٹر اوپر ہندوستانی ترنگا لہرایا۔ اس کے لیے اسپیس کڈز انڈیا نے ہندوستانی ترنگے کو غبارے کی مدد سے کرہ ارض سے1,06,000 فٹ کی بلندی پر بھیجا تھا۔ یہ پروگرام آزادی کے امرت مہوتسو کا بھی ایک حصہ ہے اور یہ ملک کی آزادی کی تاریخی سالگرہ منانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی مہم ہر گھر ترنگا ابھیان کے تحت چلایا گیا تھا۔
اسپیس کڈز انڈیا ایک ایسی تنظیم ہے جو ملک کے لیے نوجوان سائنسدان پیدا کرتی ہے اور بچوں میں ایک لامحدود دنیا کے لیے بیداری پھیلا رہی ہے۔ اس تنظیم نے حال ہی میں کم ارتھ مدار میں ایک سیٹ لائٹ لانچ کیا ہے۔ہندوستان کی آزادی کے 75 ویں سال کے موقع پر خلا سے بھی مبارکباد کے پیغامات آرہے ہیں۔ خلاباز سمانتھا کرسٹوفورٹی جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر رہ رہی ہیں اور کام کر رہی ہیں، نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہندوستان کو آزادی کے 75 سال ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔



